ویدک۔ حافظ کی ملاقات کا نظم ہائی کمیشن نے نہیں کیا تھا - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-18

ویدک۔ حافظ کی ملاقات کا نظم ہائی کمیشن نے نہیں کیا تھا - سشما سوراج

نئی دہلی
یو این آئی
حکومت نے آج واضح طور پر کہا ہے کہ سینئر صحافی دید پرتاپ ویدک کی جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید سے ملاقات کے بارے میں نہ تو پاکستان میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن کو کوئی علم تھا اور نہ ہی اس نے اس کا انتظام کیا تھا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے لوک سبھا میں کہا کہ ویدک کی حافظ سے ملاقات کا انتظام کرانے کی بات تو دور ہندوستانی ہائی کمیشن کو اس ملاقات کے بارے میں کوئی علم بھی نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن سے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کی تھی جوان کے پاس پہنچ گئی ہے ۔ اس رپورٹ میں یہ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ویدک کی حافظ سے ملاقات کے بارے میں ہائی کمیشن کوکوئی علم نہیں تھا۔ اس ملاقات کے سلسلے میں حکومت سے بیان دینے کے اپوزیشن جماعتوں کانگریس، آر جے ڈی ، این سی پی اور ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی کے مطالہ کو مد نظر رکھتے ہوئے سوراج نے یہ اطلاع دی ۔ سوراج نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح کرتی ہوں کہ ویدک کے دورہ پاکستان اور ان کی حافظ سے ملاقات سے حکومت کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ان کی اس وضاحت کے بعد آر جے ڈی کے راجیش رنجن عرف پپو یادو اور جے پرکاش نارائن ، کانگریس کی رنجیتا رنجن ، ترنمول کانگریس کے سوگت رائے سمیت کئی اراکین نے ویدک کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ خیال رہے کہ ویدک نے ایک خانگی ٹیلی ویژن کودئیے گئے انٹر ویو میں دعویٰ کیا تھاکہ حافظ سے ان کی ملاقات کا انتظام ہندوستانی ہائی کمیشن نے کرایا تھا ۔ قبل ازیں کانگریس کے لیڈر ملکار جن کھرگے نے کہا کہ لوگوں میں اس مسئلہ پر کافی شک و شبہ پایاجارہا ہے اور ہم ہندوستانی ہائی کمیشن سے موصول رپورٹ کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں ۔ اس کاجواب دیتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ وہ ارکان کا پیام سشما سوراج تک پہنچادیں گے ۔ جو راجیہ سبھا میں مصروف ہیں تاہم ان کے جواب سے ارکان مطمئن نہیں ہوئے اور انہوں نے وسط میں پہنچ کر نعرے بازی شروع کردی ۔ اس پر سشما سوراج کو ایوان میں آکر جواب دینا پڑا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں