مکہ مسجد میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کا جلسہ یوم القرآن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-05

مکہ مسجد میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کا جلسہ یوم القرآن


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jul-05

ایس این بی
قرآن مجید، جس کو اللہ تبار ک و تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب پاک محمد ﷺ پر نازل فرمایا، حضور پر نور اکرم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے کہ’’لوگو میں تمہارے درمیان اللہ کی کتاب قرآن کریم اور میری سنتوں کو چھوڑرہا ہوں جو کوئی اس کو مضبوطی سے تھام کر اس پر عمل پیرا ہوجائے وہ دین و دنیا میں سرخرو ہوں گے‘‘۔ ایک مقام پر آپ ﷺ نے فرمایا: لوگو تم اپنی اولاد کو تین چیزوں کی تربیت دو پہلا محبت رسول ؐ، محبت اہل بیت اطہارؓ ، اور تعلیم القرآن ، ان خیالات کا اظہار مکہ مسجد میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ جلسہ یوم القرآن سے مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری جانشین حضرت صوفی اعظم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ رحمتوں، برکتوں ، اور فضیلتوں کا ہے۔ حضرت سلمان فارسیؓ سے روایت ہے کہ محمد ﷺ نے لوگوں سے خطاب فرماکر رمضان المبارک کی عظمتوں کا تعارف کروایا، ارشاد فرمایا: اے لوگو یہ جو مبارک مہینہ ہمارے درمیان رحمتوں کا پیغام لارہا ہے وہ بڑا ہی عظمتوں اور برکتوں والا ہے ۔ اس مبارک مہینہ کی عظمت کو سمجھنے کے لئے اتنا کافی ہے کہ’’اس میں ایک رات ایسی بھی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے ، اس مبارک مہینہ کے روزے اللہ تعالیٰ نے فرض فرما ئے ہیں ۔ روحانی اعتبار سے روزہ رکھ کر دن کو جب کار آمد بنالیاگیا ہے تو رات بھی ضائع نہیں ہونی چاہئے اسی لئے اس ماہ کی راتیں بھی رحمتوں سے پر ہیں۔ اللہ کی قربت کے حصول کے لئے تراویح کے اہتمام کو سنت کا درجہ دیا گیا ہے ، مولانا ظہیر الدین صوفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مبارک مہینہ میں اعمال کے ثواب کا کئی گنا اضافہ کردیاجاتا ہے ۔ آپ ؐ نے فرمایا کہ اس مبارک مہینے میں ایک فرض کی ادائیگی کرنے والے کو سترفرائض کے برابر ثواب عطا کیاجائے گا اور ایک نفل کا ادا کرلینا یعنی نفل نمازکی ادائیگی یا صدقہ و خیرات اس مبارک مہینہ میں ایک فرض ادا کرنے کے مماثل ہوجائے اور فرمایا کہ یہ مہینہ تو صبر کا مہینہ ہے ۔ مولانا ظہیر الدین صوفی نے کہا کہ روزہ دار کا روزہ کھلوانا بھی بہت بڑا ثواب ہے چاہے روزہ کھجور کے ساتھ ہی کیوں نہ کھولا جائے ۔ مولانا نے کہا کہ1400سو سال قبل مسلمانوں کا یہ حال تھا کہ اس وقت سحر و افطار کے وقت کھانے کے لئے کچھ نہیں ہوا کرتا تھا اور آج مسلمان سینکڑوں افراد کا روزہ کھلواتے ہیں۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ روزہ دار کو روزہ کھلوائے اور ثواب حاصل کرے ۔
مولانا ظہیر الدین صوفی نے کہا کہ آج ہمیں قرآن و سنت رسولؐ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں کثرت سے توبہ و استغفار اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنا چاہئے ۔ مولانا نے کہا کہ ساری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے قراج مجید نازل کیا گیا۔ ہمیں چاہئے کہ ہم قرآن پا ک کی تلاوت کریں اور نماز کی پابندی کریں ۔ معتمد عمومی و رکن اسمبلی سید احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ فخر ملت مولانا عبدالواحد اویسیؒ نے تاریخی مکہ مسجد میں جلسہ یوم القرآن کا اہتمام کرتے ہوئے اس کی بنیاد ڈالی ۔ جسے بعد ازاں سالار ملت الحاج سلطان صلاح الدین اویسی مرحوم نے اس سلسلہ کو جاری رکھا ۔ سالار ملت کے رحلت فرماجانے کے بعد نقیب ملت بیرسٹر اسد الدین اویسی نے جلسہ یوم القرآن کا اہتمام نہایت ہی ادب واحترام کے ساتھ کرتے ہوئے عامۃ المسلمین کو قرآنی پیغام پہنچانے کا کام کیا۔ جناب احمد پاشاہ قادری نے جلسہ یوم القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دراصل فخر ملت عبدالواحداویسیؒ نے تاریخی مکہ مسجد میں جلسہ یوم القرآن منعقد کر کے امۃ مسلمہ کے لئے قرآن پاک کی تعلیمات کو عام کرنے کا سلسلہ شروع کیا ۔ جناب احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ برکتوں اور رحمتوں کا ہے۔ سرکار دو جہاں ؐ ، سرکار دوجہاں مسجد نبوی کے پہلے اور دوسرے و تیسرے منبر پر آمین کہا جب صحابہ کرامؓ نے سرکار دو جہاں سے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ آج آپ خلاف توقع مسجد نبوی کے پہلے، دوسرے اور تیسرے منبر پر آمین فرما رہے ہیں۔ جس پر سرکار دو جہاں نے فرمایا کہ جبرئیل ؑ نے کہا کہ ہلاک ہوجائے وہ لوگ جو رمضان میں روزہ نہیں رکھتے اور سرکار دو جہاں کے نام کا ذکر آنے پر درود نہ بھیجیں ، اس طرح جبرئیل ؑ نے ان کو بھی ہلاک ہوجانے کی بددعا کی جو اپنے والدین کی اطاعت نہیں کرتے۔ احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ آج معاشرہ میں بے راہ روی کے سبب نوجوان اپنیو الدین کے ساتھ ناشائستہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ رمضان المبارک کا نہ صرف خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کریں بلکہ رمضان کے فیوض و برکات حاصل کریں۔ احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں اللہ تعالیٰ دعا کو رد نہیں کرتے بلکہ افطار کے وقت جو بھی دعا کی جاتی ہے اللہ رب العزت اسے قبول فرماتے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم افطار کے وقت گڑ گڑا کر دعائیں کریں ۔ نظامت کے فرائض عبدالحق نذیر نے انجام دئیے۔ قاری مقصود الرحمن کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ شفیع قادری اور راشد عبدالرزاق میمن نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ جلسہ یوم القرآن میں مجلس اتحاد المسلمین کے کارپوریٹرس و ابتدائی صدور ، معتمدین ، نائب معتمدین کے علاوہ مصلیان کی کثیر تعداد موجود تھی۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں