کانگریس کی وجہ سے آندھرا پردیش کا برانڈ امیج تباہ - نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-12

کانگریس کی وجہ سے آندھرا پردیش کا برانڈ امیج تباہ - نائیڈو

حیدرآباد
پی ٹی آئی
چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج رات کہا ہے کہ کانگریس حکمرانی کے دوران مبینہ بدعنوانیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر آندھرا پردیش کا برانڈ امیج تباہ ہوگیا جس کی وجہ سے صنعتی ترقی نصف فیصد تک پہنچ گئی ۔ صنعتوں سے متعلق وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ2004تک تلگو دیشم حکومت نے آندھرا پردیش میں صنعتی ترقی حوصلہ افزاء تھی لیکن کانگریس کی10سالہ حکمرانی کے دوران یہ ترقی منجمد ہوگئی ۔ انہوں نے اس موقع پر مختلف شعبوں کی ترقی کا سابقہ تلگو دیشم اور کانگریس حکومتوں سے تقابل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ2004تا2009اس وقت کے چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی نے جو پالیسیاں اختیار کی تھیں اس سے خوفزدہ ہوکر کئی صنعت کار آندھرا پردیش سے چلے گئے۔ وہ وکس ویاگن ، رائل انفیلڈ ، ٹاٹا موٹرس ،سیمنس اور دوسری کمپنیوں نے آندھرا پردیش میں اپنے یونٹس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی بعد میں وہ دوسری ریاستوں کو چلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ2005تک آندھرا پردیش میں9.72لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ اس وقت گجرات میں8.87لاکھ نئی ملازمتیں فراہم کی گئی تھیں۔2012میں گجرات نے آندھرا پردیش سے آگے نکلتے ہوئے13.83لاکھ ملازمتیں پیدا کیں۔ انہوں نے سی اے جی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی کے نام پر جو تقریباً88ہزار ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کردی گئی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کانگریس حکومت نے صرف چند افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے اراضیات کا الاٹمنٹ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی اے جی رپورٹ نے بھی یہ ذکر کیا ہے کہ1027افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے88492ایکڑ اراضیات الاٹ کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش بہت جلد صنعت دوست پالیسی کا اعلان کرے گا جس سے مختلف شعبوں میں ملازمتیں فراہم ہوں گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں