ممبرا ریلوے اسٹیشن پر روزہ داروں کی مقامی نوجوانوں کے ذریعے خدمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-09

ممبرا ریلوے اسٹیشن پر روزہ داروں کی مقامی نوجوانوں کے ذریعے خدمت

ممبرا
ایس این بی (انوار الحق خان)
ممبرا اسٹیشن پر مقامی نوجوان روزہ دار مسافروں کے لئے افطار کا اہتمام کرتے ہیں اور یہ سلسلہ بغیر کسی شہرت لالچ کے گزشتہ19برسوں سے جاری ممبرا کوشہ کثیر مسلم آبادی ولا شہر ہے ممبرا شہر کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہاں جوبھی آبادی ہے وہ صرف ریلوے لائن کے مشرق میں ہی ہے ، مغرب میں سوائے چند مکانات کے اور کچھ نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹیشن سے لے کر آگے شیل اور کلیان پھاٹا تک تقریباً7کلو میٹر کی لمبائی میں یہاں کی آبادی پھیلی ہوئی ہے ۔
اگر کوئی رزہ دار افطار کے وقت یا افطار سے کچھ وقت پہلے بھی ممبرا اسٹیشن پر اترتا ہے اور اسے کوسہ، بھارت گیئر، شبلی نگر یا شیل پھاٹا جانا ہے تو اس کے لئے افطار کے وقت پہونچنا ممکن نہیں ہوتا، اسٹیشن پر ان علاقوں کے ہزاروں مسافر اترتے ہیں جو افطار کے وقت تک اپنے گھر نہیں پہنچ پاتے ہیں اس لئے ان روزہ دار مسافروں کو افطار کرانے کا معقول انتظام اسٹیشن کے سامنے کے محلہ کے نوجوان اور دوسرے افراد دونوں ہی پلیٹ فارم نمبر1اور2پر کرتے ہیں ۔
یاسین قریشی جو اس علاقے کے کارپوریٹر بھی ہیں وہ یہاں افطار کے وقت اسٹیشن پر خود بھی خدمات انجام دیتے ہیں ، انہوں نے اس سلسلے میں بتایا کہ تقریباً19سال قبل ہمارے ساتھی رفیق بھائی نے رمضان میں مغرب (افطار) کے وقت اسٹیشن پر ایک معذور شخص کو اترتے ہوئے دیکھا۔ رفیق بھائی کی نظر پیر سے معذور اس شخص پر پڑی جو روزے سے تھے ، ان کے اسٹیشن پر اترتے ہی اذان مغرب شروع ہوگئی اور وہ شخص پلیٹ فارم پرادھر اُدھر تلاش کرنے لگے کہ افطار کے لئے کچھ مل جائے لیکن انہیں کچھ نہیں ملا اور ان کو پلیٹ فارم کراس کرکے اس طرف آنا پڑا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران جو لوگ ٹھیک ٹھاک تھے وہ تو دوڑ کر اسٹیشن پار کر گئے لیکن خواتین ، بوڑھے اور اس طرح کے معذور اشخاص کو افطار کے وقت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسی روز سے رفیق بھائی افطار کے وقت کھجور لے کر پلیٹ فارم پر بریج کے کارنر پر کھڑے رہتے اور پھر آہستہ آہستہ ہم سبھی ناصر، امتیاز، یوسف ، سلیم اور ہمارے کئی ساتھی اس نیک کام میں مصروف ہوگئے ۔ یاسین قریشی نے بتایا کہ یومیہ تقریباً12کلو کھجور یہاں پر ختم ہوتی ہے اس کے علاوہ اب خدا کے کئی بندے ایسے ہیں جو کھجور کے علاوہ دیگر پھل ، فروٹ، پانی اور شربت کا بھی اہتمام کرنے لگے ہیں جس کے اب صرف کھجور ہی نہیں افطار کا پورا پورا اہتمام یہاں اسٹیشن پر رہتا ہے ۔
ممبرا اسٹیشن پر دیکھا گیا کہ افطار کا وقت ہوجانے پر ممبرا سے آگے مثلاً کلیان ، امبرناتھ کی جانب جانے والے روزہ دار مسافرین بھی ٹرینوں میں سے کھجور اور پانی مانگتے ہیں جب کہ کئی ایسے بھی دیکھے گئے جو یہاں اسٹیشن پر اتر کر افطار کرکے پھر دوسری گاڑی سے آگے کا سفر کرتے ہیں ۔ انسانی خدمت کا یہ سلسلہ ممبرا کی ایک مثال بن چکا ہے ان لوگوں کی انسانی خدمات کے جذبات اور روزہ داروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے گزشتہ سال مولانا سید معین الدین اشرف نے ان کا استقبال کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی ۔ واضح ہو کہ ممبرا اسٹیشن کی طرح اب دیگر کئی اسٹیشنوں کے باہر بھی کھجور اور پانی کا اہتمام کیاجانے لگا ہے ۔ لیکن ممبرا کی مثال بے نظیر ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں