حیدرآباد میٹرو کا نیا تعمیری ریکارڈ - 1000 ویں اسپان کی آج تکمیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-29

حیدرآباد میٹرو کا نیا تعمیری ریکارڈ - 1000 ویں اسپان کی آج تکمیل

حیدرآباد
یو این آئی
حیدرآباد میٹرو ریل(ایچ ایم آر) نے20مہینوں کے عرصہ میں27کلومیٹر فاصلہ پر1000واں ستون تعمیرکرتے ہوئے کل ہند سطح پرتعمیری ریکارڈ بنایا ہے ۔ دو پلروں کے درمیان فاصلہ کو پاٹتے ہوئے پلااسپان حبشی گوڑہ میں دسمبر2012میں جن پیاکٹ کے قریب تعمیر کیا گیا تھا ۔ آج ایس آر نگربس اسٹاپ کے قریب1000واں اسپان تعمیر کرتے ہوئے38فیصد کام کی تکمیل کی گئی۔72کلو میٹر کے فاصلہ میں جملہ2665اسپان تعمیر کرنے ہیں ۔ ممبئی میں11کلو میٹر میٹرو ریل کی تکمیل کے لئے7سال کا عرصہ صرف ہواتھا ۔ بنگلور اورچینائی میں یہ کام5سال میں مکمل کیے گئے ۔ دہلی میں زائد از3سال درکار ہوئے ۔ ایک سوال کے جواب میں ایچ ایم آر کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو کے لئے کل ہند سطح کا انجینئرنگ ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چند ر شیکھر راؤ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایچ ایم آر اور ایل اینڈ ٹی میں انجینئرنگ کی ٹیم قابل مبارکباد ہے۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں تنگ سڑکوں پر تیز رفتار تعمیر کا یہ انجینئرنگ کارنامہ ریاستی حکومت ایچ ایم آر ،ایل اینڈ ٹی کی انجینئرنگ صلاحیتوں کے باعث ہی ممکن ہوسکا، تاحال1473فاؤنڈیشن( بنیاد) کے کام جو56فیصد ہوتے ہیں اور1370ستون(52فیصد) مکمل کیے گئے ۔ پری کاسٹنگ طریقہ کے ذریعہ تقریباً85فیصد میٹرو کام بشمول اسٹیشن کی تعمیر مکمل کیے گئے ہیں۔ عصری طرز کے سینٹرنگ میٹریل کا استعمال کرتے ہوئے40فٹ بلند کانکریٹ کے ستون تیار کیے گئے ۔ روایتی طرز کی پانی کی کیورنگ کے بجائے خصوصی مرکب استعمال کئے گئے ہیں ۔ ہمہ سطحی معیاری چیکنگ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ عالمی طرز کے تعمیری طریقوں کو یہاں استعمال کیاگیا ہے جس کے نتیجہ میں حیدرآباد میٹرو عالمی اور قومی سطح کے تعمیری کاموں بشمول گلوبل انجینئرنگ پراجکٹ میں صف اول کا مقام2013میں حاصل کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں