مرادآباد میں عید الفطر کی نماز کے لئے غیر معمولی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-29

مرادآباد میں عید الفطر کی نماز کے لئے غیر معمولی انتظامات

مرادآباد
ایس این بی
جمعۃ الوداع کی نماز پرسکون اور پر امن ماحول میں ادا کیے جانے کے بعد ضلع انتظامیہ نے بڑے سکون کا سانس لیا تھا ۔ اس کے بعد ایک سب سے بڑی ذمہ داری عیدالفطر کی نماز کی پر امن ادائیگی ہے ، جس کے لئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ عید گاہ کی جانب آنے والے راستوں پرجہاں سے نماز دوگانہ ادا کرنے والے گزرتے ہیں ، جگہ جگہ پڑے گڑھوں کو درست کرنے کے ساتھ ہی عید گاہ میں زمین کو ہموار کرکے صفیں بنائی جارہی ہیں ۔ شہر امام حکیم سید معصوم علی آزاد کی اس اپیل کے بعد کہ صبح9بجے عید گاہ میں ادا کی جانے والی عید کی نماز میں مسلمان اپنے اتحاد باہمی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے سب سے زیادہ پہنچیں ۔ یہ امید لگائی جارہی ہے کہ جمعۃ الوداع کی نماز ادا کرنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید جامع مسجد پہنچے تھے تو اس سے زیادہ تعداد یہاں پہنچ سکتی ہے ، جس کے لئے شہر امام نے اپنے رفقاء اور سابق میئر ڈاکٹر ایس ٹی حسن کے ساتھ عید گاہ کاجائزہ لیا اور نگر نگم کی جانب سے یہاں پر کرائے جارہے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی نماز کی ادائیگی کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلیے جانے کا دعویٰ کیاجارہا ہے ۔ نمازیوں کو عید گاہ تک پہنچنے میں کوئی دشواری نہ ہو، اس کے لئے شہر کی قومی شاہراہ پر ٹریفک صبح سے بند رہے گا۔ جس کو نماز کے بعد کھولا جائے گا۔ حفاظت کے لحاظ سے علاقہ کو10سیکٹروں میں بانٹ دیا گیا ہے ۔ ہر سیکٹر میں ایک مجسٹریٹ اور پولیس افسر کو تعینات کیا گیا ہے ۔ شہر میں کئی مقامات پر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے ۔ ٹریفک کو ڈائیورٹ کردیا گیا ہے ۔ دہلی سے آنے والے ٹریفک کو لاکڑی فاضل پور سے منی بائی پاس سے گزارا جائے گا ۔ روڈ ویز بسیں صبح4سے دوپہر12بجے تک تبدیل شدہ راستوں سے گزریں گی ۔ اسی طرح کانٹھ ، بجنور اور ہری دوار سے آنے والے ٹریفک کو فوارہ چوک سے موڑ دیا جائے گا ،جوکہ منی بائیپاس سے ہوکر ہنومان موتی تک آئے گی جب کہ رامپور بریلی کی جانب سے آنے والی بسیں ہنومان مورتی تک ہی لائی جاسکتی ہیں۔
نگر نگم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید کے دن پانی کی سپلائی رہے گی ۔ رات 3بجے سے دوپہر12بجے تک عید گاہ پر وضو کے لئے عارضی پانی کا بندوبست نل لگا کر کیا گیا ہے۔عید گاہ سے ملحق نالوں پر جال لگا کر اور قناطوں سے بیریکیٹنگ کی جائے گی ۔ عید گاہ کے علاقوں میں احتیاط کے طور پر صبح8بجے سے 11بجے تک بجلی بند رکھی جائے گی تاکہ بجلی کے تاروں سے کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچے ۔ کسی بھی امکانی حادثہ سے محفوظ رکھنے کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ ہر سطح پر نظر رکھی جارہی ہے تاکہ کوئی رخنہ پیدا نہ ہو۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں