کشمیری نوجوانوں کے خلاف حکومت کی کارروائی کی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-27

کشمیری نوجوانوں کے خلاف حکومت کی کارروائی کی مذمت

سری نگر
یو این آئی
پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے گرمائی دارالحکومت کے نوجوانوں کے خلاف تازہ کارروائی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ غرور اور بے حسی کی انتہا ہے کہ نیشنل کانفرنس حکومت رمضان کے مقدس مہینہ میں بھی عوام کو چین سے رہنے نہیں دے رہی ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری محمد دلاورمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ واضح طور پر حکمراں جماعت کے سیاسی قائدین کی ہدایت پر شہر میں سینکڑوں نوجوانوں کو جھوٹے بہانوں کے تحت حراست میں لیاگیا اور لاک اپ میں ڈال دیا گیا ہے ۔ سری نگر میں یہ سلسلہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے جس کی وجہ سے عوام میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ہے اور ریاست ماقبل2002کے تاریک دور میں واپس چلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بالخصوص سری نگر کے نوجوانوں کو مسلسل اور غیر ضروری طور پر ہراسانی چیف منسٹر عمرعبداللہ کی حکومت کا ظلم اور بربریت ہے ۔ سری نگر کے نوجوانوں کو گزشتہ ساڑھے پانچ سالوں سے مسلسل ایذا رسانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے حکومت کے ظلم اور توہین کو سب سے زیادہ سہا ہے ۔
عسکریت پسندوں کے گرینیڈ حملہ اور فائرنگ میں جموں و کشمیر پولیس کا ایک کانسٹبل ہلاک اور دیگر4زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیکوریٹی فورسس آج صبح سوپور میں سنگباری کرنے والے ایک شخص کا پیچھا کررہی تھیں۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈھائی بجے شب بعض شر پسندوں نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور سوپور کے اصل چوک میں پولیس اور سی آر پی ایف کے بنکرس پر سنگباری کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب چھوٹا بازار کے قریب سنگباری کرنے والوں سے نمٹا جارہا تھا تو ان میں موجود عسکریت پسندوں نے پولیس پارٹی پر گرینیڈ پھینکا اور فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک کانسٹبل محمد سید خان کی جائے واقعہ پر ہی موت ہوگئی اور دیگر4پولیس ملازمین زخمی ہوگئے۔ زخمی پولیس ملازمین کی دلراج سنگھ ، یوسف العمر ، عنایت اللہ اور امتیاز احمد کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ انہیں سو پور کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں