غزہ کی صورتحال پر راجیہ سبھا میں دوسرے دن بھی ہنگامہ آرائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-18

غزہ کی صورتحال پر راجیہ سبھا میں دوسرے دن بھی ہنگامہ آرائی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
غزہ کی صورتحال پر آج راجیہ سبھا میں مسلسل دوسرے دن ہنگامہ ہوا اور اپوزیشن نے اس مسئلہ پر فوری مباحث کا مطالبہ کیا ۔ صدر نشین حامد انصاری نے مباحث کی مخالفت میں حکومت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ پر کسی اور دن مباحث کرائے جائیں گے ۔ حامد انصاری نے وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے کل کی گئی درخواست پر رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ میں وزیر موصوف کی درخواست قبول کرنے سے قاصر ہوں ۔ انہوں نے اس ضمن میں اپوزیشن کی جانب سے دی گئی نوٹسوں کی تائید میں قواعد کا حوالہ دیا۔ سشما سوراج نے اس مسئلہ پر مباحث کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مباحث کی درخواست کو قبول نہیں کیاجاسکتا کیونکہ یہ بنیادی طور پر حکومت ہند کی فکر مندی کا معاملہ نہیں ہے اور کسی بھی اہانت آمیز تبصرہ سے اسرائیل اور فلسطین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں ۔ حامد انصاری نے مباحث کے لئے اپوزیشن کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد اپوزیشن اور دیگر کی جانب سے دی گئی نوٹسوں میں مجھے کوئی خرابی نظر نہیں آتی ۔ انہوں نے اپنی ایک اور رولنگ کے ذریعہ قائد ایوان ارون جیٹلی کی اس درخواست کو قبول کرلیا کہ اس مسئلہ پر آج مباحث نہ کرائے جائیں اور مباحث کے لئے حکومت مناسب تاریخ تجویز کرے گی ۔ حامد انصاری نے قواعدکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موضوع پر درخواست کو قبول کیا جاچکا ہے ۔ اب مباحث کے لئے آئندہ تاریخ اور وقت کے تعین کے سلسلہ میں قائد اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کی ضرورت ہے ۔ آج جب ایوان کے ایجنڈہ میں اس مسئلہ کو شامل نہیں کیا گیا توبرہم اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور پوری شدت کے ساتھ اس بات کا مطالبہ کیا کہ اس اہم مسئلہ پر آج ہی مباحث کرائے جائیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں