گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائنن مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-01

گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائنن مستعفیٰ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائنن نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ۔ این ڈی اے حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ ایسی چوتھی شخصیت ہیں جنہوں نے گورنر کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ ان گورنروں کا تقرر سابقہ یو پی اے دور حکومت میں عمل میں آیا تھا اور این ڈی اے حکومت نے انہیں مستعفیٰ ہوجانے کا اشارہ دیا تھا ۔، مرکزی وزارت داخلہ نے بتایا کہ نارائنن نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حال ہی میں سی بی آئی نے آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت کی تحقیقات کے دوران80سالہ نارائنن سے ’’بطور گواہ‘‘ پوچھ تاچھ کی تھی ۔ دو ہفتہ قبل مرکزی معتمد داخلہ انیل گو سوامی نے بعض ایسے گورنروں کو ٹیلی فون کیا تھا جن کا تقرر، سابقہ یو پی اے حکومت نے کیا تھا۔ اس فون کال میں کہا گیا تھا کہ نریندر مودی حکومت کے چار ج سنبھالنے کے بعد یہ گورنرس مستعفیٰ ہوجائیں ۔ گزشتہ چند روز کے دوران گورنر ناگالینڈ اشونی کمار، گورنر اتر پردیش بی ایل جوشی اور گورنر چھتیس گڑھ شیکھر دت نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نارائنن سابق آئی پی ایس عہدیدار ہیں جنہوں نے انٹلی جینس بیورو کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں اور وہ مشیر امور قومی سلامتی کے عہدہ پر بھی فائز رہے تھے۔ گورنر مغربی بنگال کی حیثیت سے ان کا تقرر جنوری2010میں کیا گیا تھا۔ اب تک جن4گورنروں نے استعفیٰ دیا ہے وہ یا تو سبق آئی پی ایس عہدیدار ہیں یا سابق آئی اے ایس عہدیدار ہیں ۔ جوشی اور کمار ، سابق آئی پی ایس آفیسرس ہیں جب کہ شیکھر دت سابق آئی اے ایس آفیسر ہیں ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت ، کم و بیش10ریاستوں میں بعض سینئر بی جے پی قائدین کو گورنر مقرر کرنے پر غور کررہی ہی ۔ کولکاتا سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ریاستی گورنر ایم کے نارائنن کے استعفیٰ پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریزکیا ہے اورکہا ہے کہ نارائنن سرکاری طور پر آئندہ4جولائی کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ انہوں نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک مجھے علم ہے وہ (نارائنن) سرکاری طور پر4ولائی کو عہدہ چھوڑ رہے ہیں ۔، ان حالات پر رد عمل ظاہر کرنے کی خواہش پر کہ جن کے تحت نارائنن نے استعفیٰ دیا ہے بنرجی نے کہا کہ’’یہ ایک دستوری عہدہ ہے‘‘۔ میں اس کے بارے میں اب کچھ نہیں کہوں گی ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا ریاستی حکومت نارائنن کو وداعی پارٹی دے گی، ممتا بنرجی نے جواب دیا کہ میں وداعی پارٹی دینے پر یقین نہیں رکھتی ۔ میں کسی شخص کا خیر مقدم کرنے پر یقین رکھتی ہوں ۔ ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ چہار شنبہ 2جولائی کو ان کی وزارت میں معمولی رد و بدل ہوگی۔

West Bengal Governor MK Narayanan resigns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں