انسیفلائٹس کے مقابلہ کے لئے کولکاتا کارپوریشن کمربستہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-24

انسیفلائٹس کے مقابلہ کے لئے کولکاتا کارپوریشن کمربستہ

کولکاتا
ایس این بی
انسیفلائٹس نامی بخار سے شمالی بنگال میں مرنیو الوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ کے سبب ریاستی محکمہ صحت نے وہاں پر ہائی الرٹ جاری کردیا اتنا ہی نہیں ریاستی محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے شمالی بنگال کے مختلف علاقوں کا بھی معائنہ کیا تاکہ کسی بھی طرح سے حالات کو قابو میں کیاجائے ۔ ادھر کولکاتا میں بھی انسیفلائٹس کے قہر کو روکنے کی کولکاتا کارپوریشن ہر ممکن کوشش میں مصروف ہوگیا ہے ۔ ایم ایم آئی سی صحت اتین گھوش کے مطابق کولکاتا میں انسیفلائٹس کا خطرہ نہیں ہوگا کیونکہ ہم نے مچھروں سے پیدا ہونے والی کسی بھی بیماری کویہاں پھلنے پھولنے سے روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررکھے ہیں۔اتین گھوش کے مطابق بدھ سے شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا جارہا ہے اور وہاں پر واقع غیر قانونی کھٹال اور خنزیر پالنے والے مقامات کو بند کرنے کے لئے مہم چلائی جارہی ہے ۔ تاکہ یہاں انسیفلائٹس کا کوئی خطرہ لاحق نہ ہوسکے ۔ اتین گھوش نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شہر میں جتنے بھی مویشی پالنے والے مقامات ہیں خواہ وہ گائے کا ہویا خنزیر کا سب کے سب غیر قانونی ہیں لہذا ان کے خلاف مہم چلائی جائے گی ۔
خیال رہے کہ انسیفلائٹس ایک قسم کا بخار ہے جو جان لیوا ہے جس سے شمالی بنگال میں اب تک70اموات ہوچکی ہیں۔یوں توپچھلے4برسوں سے کولکاتا میں انسیفلائٹس اور جاپانی بخارکا خطرہ کم ہواہے۔ اسکا سہرا کولکاتا کارپوریشن اپنے سر باندھ رہاہے ۔ کولکاتا کارپوریشن کے چیف میونسپل ہیلتھ آفیسر کایہ کہنا ہیکہ موجودہ ترنمول بورڈ کی کاوشوں سے مچھروں سے پیداہونے والی تمام بیماریاں اور ویکٹر بورن بیماریوں پر قابوپانے میں کولکاتا کارپوریشن نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس لئے کولکاتا میں ڈینگو اور ملیریا سمیت انسیفلائٹس کابھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ادھر شہر کے مختلف ڈاکٹروں نے ریاستی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ابھی تک ان سب بیماریوں سے مقابلہ کیلئے کوئی بنیادی ڈھانچہ تیار نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ان سے مکمل طور پر مقابلہ ممکن نہیں ۔یہ حکومت کی سب سے بڑی شکست ہے جس کے سامنے انتظامیہ بے بس کھڑی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں