اسرائیلی جارحیت روکنے اقوام متحدہ کاروائی کرے - او آئی سی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-12

اسرائیلی جارحیت روکنے اقوام متحدہ کاروائی کرے - او آئی سی

جدہ
یو این آئی
مسلم ممالک کا سب سے بڑا گروپ تنظیم اسلامی تعاون(او آئی سی) نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے روکنے کے لئے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے ۔ پچھلے تین دن سے جاری اسرائیلی جارحیت میں90سے زیادہ فلسطینی جان بحق ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جدہ میں اپنی مجلس عاملہ کی ہنگامی میٹنگ کے بعد تنظیم اسلامی تعاون (اوآئی سی) نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے مقصد سے سلامتی کونسل اور عالمی برادری کو اس کے خلاف کارروائی پر آمادہ کرنے کے لئے ایک وزارتی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے ۔ تنظیم کی عاملہ کمیٹی نے جنیوا اور او آئی سی کے سفیروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اسرائیل کے جنگی جرائم اور حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کی تفتیش کے سلسلے میں ایک بین الاقوامی کمیشن تشکیل دینے کے لئے اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل کے ساتھ جلد ایک میٹنگ منعقد کریں ۔ عاملہ کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے صدور، وزراء خارجہ اور یروشلم سے متعلق کمیٹی کے اراکین کو جلد از جلد اپنی کوششیں تیز کرکے اس سلسلے میں عالمی لیڈروں سے رابطہ کرنا چاہئے۔ عاملہ کمیٹی نے یہ عالمی برادری سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی نو آبادیاتی لیڈروں اور ہل ٹاپ یوتھ جیسے انتہا پسند گروپوں کو انٹر نیشنل جسٹس سسٹم میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرے ۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایادالمدنی نے کہا کہ’’او آئی سی کو یہ ثابت کرنے قانونی ثبوت فراہم کردینا چاہئے کہ موجودہ اسرائیلی انتظامیہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق انتہائی نسل پرست حکومت ہے ‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ نیو یارک میں تنظیم اسلامی تعاون نے ایک بیان جاری کرکے سلامی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اسرائیل کو اپنی جارحیت روکنے پر مجبور کرے ۔

United Nations to stop the Israeli aggression - OIC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں