فلسطینیوں کو عرب امارات کی 25 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-12

فلسطینیوں کو عرب امارات کی 25 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد

دبئی
یو این آئی
متحدہ عرب امارات نے فلسطینیوں کی مدد کے لئے25ملین ڈالر کی فوری انسانی امداد کااعلان کیا ہے جنہیں غزہ پر چار دنوں سے جاری اسرائیلی بربریت کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ واضح رہے کہ صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان ، جنرل شیخ محمد بن زائد النہیان ، ابو ظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے حکم سے اور امارات ہلال احمر( ای آر سی) کے چیئرمین اور مغربی خطے میں حاکم امارات کے نمائندہ کی سفارش سے جاری کی جانے والی یہ امدادی رقم ای آر سی کی زیر نگرانی تقسیم کی جائے گی ۔ امارات ہلا ل احمر سوسائٹی غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے ایک مربوط فیلڈ اسپتال بھی قائم کرے گی ۔ غزہ پٹی پر اسرائیل کی حالیہ بربریت کے نتیجے میں درجنوں بے قصور فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں اور سیکڑوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ جنہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایسے موقع پر متحدہ عرب امارات کی اس غیر معمولی امداد سے فلسطینی عوام کے ساتھ امارات کی حکومت، لیڈروں اور اماراتی عوام کی تاریخی ہمدردی و یکجہتی کا پتہ چلتا ہے ۔ متحدہ عرب امارات نے مقبوضہ فلسطینی علاقے پر اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے۔ اس دوران ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوان نے اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ جنگ سے متاثر فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کے شہریوں کے لئے فوری امداد روانہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ مرکز اطلاعات فلسطین نے ترک حکومت کے ایک با وثوق ذریعے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ترک ایجنسی برائے تعاون وہم آہنگی’’ ٹیکا‘‘ نے وزیر اعظم کی ہدایت کے تحٹ فوری طور پر امدادی سامان غزہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق امدادی سامان میں ادویات ، خوراک اور اسرائیل کے حملوں سے متاثرہ شہریوں کے لئے ضرورت کی دیگر اشیاء پر مشتمل ہوگا۔

UAE to allocate $25 million for urgent aid to Gaza

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں