عصمت ریزی ریمارک پر ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کی معذرت خواہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-02

عصمت ریزی ریمارک پر ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کی معذرت خواہی

کولکتہ
آئی اے این ایس
ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ تاپس پال، جن کے عصمت ریزی سے متعلق ریمارکس پر ملک گیر برہمی پیدا ہوگئی تھی ، آج پارٹی اور میڈیا سے غیر مشروط معذرت خواہی کی ۔، انہوں نے اپنے تبصرہ کو فیصلہ کی ایک بڑی غلطی قرار دیا اور اعتراف کیا کہ ان کا یہ تبصرہ انتہائی غیر حساس تھا ۔ عوام کے نام اپنے ایک مکتوب میں جس کی نقول ترنمول کانگریس صدر نشین ممتا بنرجی ، جنرل سکریٹری مکل رائے، قومی ترجمان ڈیریک اوبرائن اور میڈیا کو جاری کی گئیں ، پال نے اس بات کی نشاندہی کی کہ انہیں اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا انتخابی مہم کے دوران میں نے گرما گرمی میں کچھ ریمارکس کیے تھے، جن کی وجہ سے مایوسی اور برہمی پیدا ہوگئی ہے ۔ میں ان کے لئے غیر مشروط معذرت خواہی کرتا ہوں۔ مجھے اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن مجھے کبھی ایسا تبصرہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ میں نے ایسا کرتے ہوئے بنگال کے عوام کی اپنی پارٹی ترنمول کانگریس اور سیاسی رفقاء اپنے خاندان بشمول اہلیہ، بچوں اور والدین کے علاوہ اپنے دوست احباب کی توہین کی ہے ۔ میں ان سب سے اور بالخصوص ہمارے سماج کی خواتین سے معافی چاہتا ہوں۔ان کے علاوہ میں میڈیا سے بھی معذرت خواہ ہوں ، جس نے اس مسئلہ کو اجاگر کیا ۔ قبل ازیں موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے مطابق ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ تاپس پال کی جانب سے مبینہ طور پر سی پی ایم کارکنوں کو ہلاک کرنے اور ان کی خواتین کی عصمت ریزی کرنے کی دھمکی دیے جانے کے ایک دن بعد ان کی اہلیہ نندنی پال نے آج اپنے شوہر کے متنازعہ تبصرہ کے لئے معذورت خواہی کرلی اور کہا کہ اس کہانی کا ایک اور حصہ بھی ہے ۔ نندنی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ میں ان کے تبصرہ کے لئے معافی چاہتی ہوں ۔، اس کی تائید کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لیکن ہاں میں جانتی ہوں کہ اس کہانی کا ایک اور حصہ بھی ہے جس کی وجہ سے وہ ایسا اشتعال انگیز بیان دینے پر مجبور ہوئے ۔، انہوں نے کہا کہ یہ سارا واقعہ بہت پہلے پیش آیا تھا اور وہاں ایسا کیا ہوا تھا جس کے نتیجہ میں یہ بات ہوئی، یہ کہانی کا دوسرا حصہ ہے ۔ میں ان کی طرف سے معذرت خواہی کرتی ہوں ۔واضح رہے کہ تاپس پال کے متنازعہ ریمارک پر ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں نے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے۔ سی پی آئی ایم نے لوک سبھا اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ تاپس پال کے بیان کا از خود نوٹ لیتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیں ۔ ترنمول کانگریس نے کل پارٹی کے اداکار و رکن پارلیمنٹ سے اندرون48گھنٹے اپنے تبصرے کی تحریری وضاحت کرنے کے لئے کہا۔، پارٹی کے ترجمان ڈیریک اوبرائن نے کہا کہ تاپس پال نے انتہائی غیر حساس بیان دیا ہے پارٹی اس کی کسی بھی لحاظ سے توثیق نہیں کرتی ۔ انہوں نے جو بات کئی ہفتوں پہلے کی تھی وہ اب ٹی وی چیانلس پر پیش کی جارہی ہے ۔ ایک مقامی زبان کے ٹی وی نیوز چیانل پر پیش کئے گئے اس تبصرہ پر پال نے کہا ہے’’اگر سی پی آئی ایم کاکوئی رکن یہاں موجود ہے تو میری بات سن لے ۔ اگر تم کبھی کسی ترنمول کانگریس کے رکن یا ان کے ارکان خاندان کو ہاتھ بھی لگاؤ گے تو تمہیں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔ اگر تم لوگ ترنمول کارکنوں کی ماؤں اور بہنوں کی بے عزتی کرو گے تو میں اپنے آدمیوں کو تمہارے گھروں کو بھیج دوں گا جہاں وہ عصمت ریزی کریں گے ۔ میں تمہیں سبق سکھا دوں گا۔‘‘ تاپس پال نے اس بات کی تردید کی کہ انہوں نے عصمت ریزی کی بات کی تھی ۔
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق سی پی ایم نے آج ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ تاپس پال پر بائیں بازو کارکنوں کے خلاف تشدد بھڑکانے اور عصمت ریزی پراکسانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت کارروائی اور پولیس کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پارٹی نے کہا کہ اس کے ارکان، پارلیمنٹ میں بھی یہ مسئلہ اٹھائیں گے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے کہا کہ پولیس کو ان کے خلاف دھمکانے اور تشدد میں مدد کرنے کے الزامات کے تحت فوری مقدمہ درج کرنا چاہئے ۔ قانون کو اپنا کام کرنا ہوگا ۔ پارلیمنٹ کو بھی اس نوعیت کی تقاریر کا نوٹ لینا چاہئے ۔ مجھے یقین ہے کہ یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔
جالندھر سے موصولہ ایک اور اطلاع کے مطابق بی جے پی نے آج ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ تاپس پال کے متنازعہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے جس میں سی پی ایم کارکنوں کو ہلاک کردینے اور ان کی خواتین کی عصمت ریزی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے ، آج مطالبہ کیا کہ ترنمول کانگریس لیڈر کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیاجائے ۔ پارٹی نے کہا کہ ایسے شخص کو کسی بھی سیاسی جماعت میں رہنے کا حق حاصؒ نہیں ۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر لکشمی کانت چاؤلہ نے ترنمول کانگریس سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ پال جیسے لیڈر کو کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں ہونا چاہئے ،انہیں سلاخوں کے پیچھے بھیج دینا چاہئے ۔،
ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کے مبینہ ریمارکس پر بے یقینی ظاہر کرتے ہوئے ممتاز ہدایت کار اپرتاسین نے آج تعجب ظاہر کیا اور کہا کہ آیا سیاست نے اس اچھے اداکار کی فطرت کی بدل دی ہے ۔ اپرناسین نے جو قومی ایوارڈ یافتہ ڈائرکٹر ہیں ، کہا کہ مجھے اس بیان پر بے حدصدمہ ہوا ہے۔ یہ وہ تاپس پال نہیں ہے جنہیں میں طویل عرصہ سے جانتی ہوں ۔ وہ ایک پیارا سا لڑکا تھا اور ہم نے چند فلموں میں ساتھ میں کام کیا ہے۔ ہمارے اچھے تعلقات تھے اور وہ بڑا شریف تھا۔ میں اسے پسند کرتی تھی ۔
قومی کمیشن برائے خواتین نے تاپس پال کو پارلیمنٹ سے خارج کردینے کا مطالبہ کیا ہے، این سی ڈبلیو کی چپرپرسن ممتا شرما نے پی ٹی آئی کوبتایا کہ انہیں (تاپس پال) کو پارلیمنٹ سے خارج کردینا چاہئے۔ یہ انتہائی بدبختانہ بیان ہے۔

Trinamool Congress' Tapas Pal Apologises for Rape Remark

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں