کارگل جنگ کے شہیدوں کو سربراہ افواج کا خراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-26

کارگل جنگ کے شہیدوں کو سربراہ افواج کا خراج

سری نگر
آئی اے این ایس
ملک کے سربراہ افواج جنرل بکرم سنگھ نے آج کارگل جنگ(1999) کے 15سال کی تکمیل پر منعقدہ15ویں جئے دیوس(یوم فتح) کے موقع پر کارگل جنگ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ضلع کارگل کے ڈراس ٹاؤن میں کارگل یادگارِ شہیداں پر پھول مالا رکھنے کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سرحدات پر متعینہ فوج ملک کے اقتدار اعلیٰ اور سالمیت کے دفاع کے لئے کافی ہے ۔ فوج چوکس ہے اور ملک کے اقتدار اعلیٰ اور سالمیت کے دفاع کے لئے سرحدات پر موثر انداز میں متعین کی گئی ہیں۔‘‘ سربراہ افواج نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں خطہ قبضہ پر پاکستان کی جانب سے وقفہ وقفہ سے لڑائی بندی کی خلاف ورزیاں برابر ہوتی جارہی ہیں۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ ہماری فوج ان خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیتی آرہی ہے ۔’’وہ (پاکستانی فوج) ہر ہفتہ اور ہر ماہ لرائی بندی کی خلاف ورزی کرتی ہے لیکن ہماری فوج ان خلا ف ورزیوں کا موثر جواب دیتی آرہی ہے ۔‘‘ جنرل بکرم سنگھ نے جو 6روز بعد یعنی31جولائی کو ریٹائر ہونے والے ہیں، کہا کہ مرکزی حکومت فوج کی امنگوں کی تکمیل کی پابند ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ فوج کے سینئر سپاہی اور عہدیدار جنہوں نے کارگل لڑائی میں حصہ لیا تھا ۔ آج کی تقریب میں غیر حاضر کیوں ہیں، جنرل سنگھ نے جواب دیا کہ’’ دعوت نامے ، آرمی ہیڈ کوارٹر سے نہیں بلکہ فارمیشن کمانڈرس کے پاس سے بھیجے جاتے ہیں۔‘‘ اس بارے میں آپ(صحافی) فارمیشن کمانڈروں سے پوچھئے لیکن میں ہر ایک کو یقین دلاتا ہوں کہ جس کسی سپاہی نے بھی یہاں1999کی جنگ میں حصہ لیا ہے ان سپاہیوں پر فخر کرتا ہے جنہوں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانیں قربانی کیں ۔یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ ہندوستانی فوج ہر سال26جولائی کو وجئے دیو س مناتی ہے اور ان سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہے جنہوں نے60روز طویل کارگل جنگ میں اپنی جانیں قربان کی تھیں۔ وجئے دیوس کے ذریعہ کارگل جنگ میں ہندوستان کی فتح کا جشن منایا جاتا ہے ۔ یہ جنگ جموں و کشمیر کے علاقہ لداخ میں لڑی گئی تھی ۔ آج منعقدہ تقریب میں فوج کے ناردرن کمانڈ چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہودا اور دیگر سینئر فوجی عہدیدار بھی موجود تھے ۔

Tribute to the martyrs of the Kargil war

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں