پولاورم بل کی منظوری کے خلاف تلنگانہ بند پر امن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-13

پولاورم بل کی منظوری کے خلاف تلنگانہ بند پر امن

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے 250مواضعات کی آندھرا پردیش کو منتقلی کے لئے کل لوک سبھا میں ایک بل کی منظوری کے خلاف آج تلنگانہ بند منایا گیا جس کے نتیجہ میں علاقہ میں عام زندگی متاثر رہی ۔، تلنگانہ سیاسی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور بائیں بازو جماعتوں نے بند کی اپیل کی تھی جس کا ریاست کے بیشتر علاقوں میں اثر دیکھا گیا ۔ حکمراں تلنگانہ راشٹرا سمتی اور کانگریس پارٹی نے بند کی حمایت کی تھی ۔ تلنگانہ کے تمام10اضلاع بشمول حیدرآباد میں بند پر امن رہا۔ دکانات کاروباری ادارے اور تعلیمی ادارے بند رہے ۔ عام اوقات میں مصروف نظر آنے والے شاپنگ سنٹرس اور گلیاں ویران نظر آرہے تھے ۔ سرکاری روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں جو عوام کی اکثریت کے لئے حمل و نقل کا اہم ذریعہ ہیں ، سڑکوں سے ہٹالی گئی تھیں۔ حیدرآباد میں بند کا اثر جزوی طور پر دیکھا گیا جہاں دکانات اور کاروباری اداروں میں معمول کے مطابق کام کاج ہوا اور بیشتر دفاتر اور بینک وغیرہ بھی کھلے رہے۔ اضلاع سے یہاں موصولہ اطلاعات کے بموجب نظام آباد ، کریم نگر ، محبوب نگر ، ورنگل، میدک اور کھمم کے بشمول دیگر اضلاع میں آر ٹی سی بسیں ڈپوز تک محدود رہیں ۔ ان اضلاع میں تجارتی سرگرمیاں پوری طرح معطل ہوگئیں ۔ ضلع نلگنڈہ میں ٹی آر ایس کانگریس اور بائیں بازو جماعتوں نے آر ٹی سی ڈپوز کے سامنے احتجاجی دھرنے منظم کرتے ہوئے بسوں کو باہر نکلنے سے روک دیا ۔ حیدرآباد میں افضل گنج کے علاقہ میں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے قریب سی پی آئی ایم کارکنوں نے دھرنا منظم کرتے ہوئے بسوں کی آمد و رفت روک دی ۔
ایم جی بی ایس سے طویل مسافت والی500بسیں آج نہیں چلائی جاسکیں ۔ بند کے حامیوں نے ضلع کلکٹر یٹس کے سامنے بھی دھرنے منظم کئے اور جگہ جگہ ریالیاں نکالیں ۔ عادل آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب وہاں بندکا اثر جزوی رہا اورکاروباری اداروں میں کام کاج ہوا اور آر ٹی سی بسیں معمول کے مطابق چلائی گئیں۔ ضلع کھمم کے7منڈلوں کی قانون سازی کے ذریعہ آندھر اپردیش کو منتقلی کی مذمت کرتے ہوئے تلنگانہ بھر میں کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریالیاں نکالی گئیں ۔ بند کے حامیوں نے مرکزی حکومت اور حکومت آندھرا پردیش کے خلاف نعرے لگائے ۔ ٹی آر ایس ، بائیں بازو جماعتوں ، کانگریس اور تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ شہر کے مصروف ترین آر ٹی سی چوراہا چکڑپلی میں ٹی آر ایس ، تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور بائیں بازو کی جماعتوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ منظم کیا جس کے نتیجہ میں چوراہے کے چاروں طرف ٹریفک جام ہوگئی ۔ ریالی سے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر ایم کودنڈارام اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ یہ مرکز کے لئے انتہائی غیر اخلاقی بات ہے کہ اس نے ایوان میں اپنی اکثریت کے بل بوتے پر جانبدارانہ طریقہ سے بل کی منظوری عمل میں لائی حالانکہ تلنگانہ عوام اس کے مخالف تھے۔ مجموعی طور پر تلنگانہ بھر میں بند پر امن رہا ۔ پولیس نے بند کے پیش نظر وسیع پیمانے پر سیکوریٹی انتظامات کئے تھے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔

Telangana observes shutdown to protest Polavaram Bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں