اقوام متحدہ معصوم فلسطینیوں پر بم باری بند کرائے - متحدہ مسلم موومنٹ کا شدید احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-13

اقوام متحدہ معصوم فلسطینیوں پر بم باری بند کرائے - متحدہ مسلم موومنٹ کا شدید احتجاج

نئی دہلی
ایس این بی
متحدہ مسلم موومنٹ کے زیر اہتمام آج بہت بڑی تعدادمیں کارکنان نے جنتر منتر پر اسرائیل اور امریکہ مخالف مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو منقطع کرلے اور عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ نہتھے مسلمانوں پر بمباری اور ظلم کا سلسلہ بند کرے ۔ اس موقع پر حکومت ہند اور اسرائیل کے سفارتخانہ کے لئے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا ۔
متحدہ مسلم موومنٹ کے صدر اسد اللہ نیازی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری اس کی جارحیت اور دہشت گردی کا ثبوت ہے ۔ موومنٹ کے جنرل سکریٹری محمد ذکی صدیقی نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس معاملے میں فوراً مداخلت کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو بند کرانا چاہئے اور غزہ میں اسرائیلی حملوں میں زخمی اور بیمار لوگوں کو میڈیکل کی سہولت مہیا کرائی جائے ۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر جماعت مولانا سید جلال الدین عمری نے غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں اور گزشتہ چند روز میں ایک سو سے زائد فلسطینی مرد و خواتین اور معصوم بچوں کی سفاکانہ ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اہل فلسطین پر صیہوتی ظلم و ستم کے لئے اسرائیل کی مذمت کرنے اور اس کو فوری طور پر ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
امیر جماعت نے سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی ارض انبیاء فلسطین میں بمباری اور معصوموں کی ہلاکت صرف اہل فلسطین ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کی اسلامی برادری کے قلب کو مجروح کررہا ہے ، اسرائیل کا غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدام امن و انصاف کے جملہ تقاضوں کے منافی ہے ۔ امیر جماعت نے مسلم ملکوں کو متوجہ کیا کہ اس مشکل گھڑی میں اہل فلسطین سے ہر ممکن تعاون کرنا انکی دینی، اخلاقی اور شرعی ذمہ داری ہے جس کو انہیں پیش نظر رکھنا چاہئے ۔
خدمت کونسل دہلی کے جنرل سکریٹری عبدالوحید خان وارثی نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان نہتھے اور معصوم مسلمانون خی موت پر مسلم حکمراں خاموش کیوں ہیں اور انسانی حقوق کا راگ الاپنے والی تمام بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیمیں کہاں سوئی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں غزہ میں100سے زیادہ فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین شامل ہیں ۔
صحت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر سرفراز احمد نے کہا کہ غزہ اور فلسطین میں اس وقت جو کچھ ہورہا ہے وہ انسانیت کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان کے مبارک ماہ میں بھی صہیونی دہشت گردوں نے غزہ میں دہشت برپا کی ہوئی ہے ۔
پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے اسرائیل کی طرف سے دوبارہ کئے جارہے حملوں کی مخالفت میں اسرائیلی سفارتخانہ کے سامنے زبردست مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ہاتھوں میں اسرائیل مخالف نعرے لکھے ہورڈنگ اٹھا رکھے تھے ۔ پولیس نے انہیں سفارت خانہ سے دور ہی روک دیا۔ پاپولر فرنٹ دہلی اسٹیٹ سکریٹری محمدطلحہ نے کہا کہ سالوں سے اسرائیل نے غزہ کے زیر آبادی والے علاقوں کو ٹارگیٹ کیا ہے جس میں معصوم بچوں ، عورتوں کو بھی ہوائی حملوں میں نہیں بخشا جارہا ہے اور اب تک100سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ پاپولر فرنٹ دہلی کے صدر انصار الحق نے کہا کہ غزہ کے گنجان علاقوں میں میزائلوں کے ذریعے کی جارہی بمباری بہت ہی تشویشناک ہے ۔ اسرائیل کے ایک مشہور پارٹی لیڈر نے صاف کہا کہ اس پیچیدہ معاملے پر معصوم فلسطینیوں کو مارنے سے کچھ ہونے والا نہیں ہے ۔ دراصل اسرائیل کے ان نئے حملوں کی وجہ فلسطینیوں کے درمیان ہوئے نئے اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش ہے کیونکہ اسرائیل کو معلوم ہے کہ یہ اتحاد فلسطینیوں کی دفاعی قوت کو مضبوط کرے گا ۔پروگرام میں عظیم نوید ، ڈاکٹر شمعوں، فرید احمد، عرفان احمد، ظفر اللہ قاسمی ، جاوید اخلاقی کے علاوہ کیمپس فرنٹ کے نیشنل صدر عبدالناصر نے بھی پاپولر فرنٹ کے سینکڑوں کارکنان کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

united muslim movement protest in Delhi on Israel's Gaza strikes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں