تین کارپوریشن اور 22 بلدیات پر ٹی آر ایس کا قبضہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-04

تین کارپوریشن اور 22 بلدیات پر ٹی آر ایس کا قبضہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
تلنگانہ کے53بلدیات اور 3میونسپل کارپوریشن کے صدر نشین ؍ میئر اور نائب صدر نشین؍ ڈپٹی میئر کے انتخابات میں بر سر اقتدار جماعت ٹی آر ایس نے3کارپوریشن اور22بلدیات پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ بھر میں پہلا مقام حاصل کیا ۔ ٹی آر ایس نے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی تائید حاصل کرتے ہوئے نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں میئر کے عہدے کے علاوہ6بلدیات عادل آباد ، نرمل، بودھن، کورٹلہ ، تانڈور ، ظہیرآباد میں صدور نشین کے عہدے پر کامیابی حاصل کی ۔ اضلاع نظام آباد ، عادل آباد، کریم نگراور میدک کی بلدیات پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگیا ۔ اپوزیشن کانگریس کو محبوب نگر ، نلگنڈہ ، ورنگل میں سبقت ملی۔ کانگریس پارٹی نے19بلدیات ونگر پنچایت میں صدور نشین کے عہدے پر کامیابی حاصل کی ۔ تلگو دیشم کو4بلدیات کے صدر نشین کے عہدے پر کامیابی ملی جن میں ضلع رنگا ریڈی کے پداعنبر پیٹ، ابراہیم پٹنم اور ونپرتی(محبوب نگر)،ستوپلی، (کھمم) شامل ہیں ۔ اس طرح بی جے پی نے3بلدیات پر قبضہ کیا جن میں دیمل واڑہ(کریم نگر)بھونگیر(نلگنڈہ) نارائن پیٹ ، محبوب نگر شامل ہیں ۔ جب کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ضلع عادل آباد کے بھینسہ بلدیہ کے صدر نشین اور نائب صدر نشین کے عہدے پرکامیابی حاصل کی ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں ڈپٹی میئر کاعہدہ مجلس کو حاصل ہوا ہے ۔، اسکے علاوہ بلدیہ عادل آباد ، نرمل، بودھن، کورٹلہ، ظہیرآباد ، تانڈور میں مجلس نے نائب صدر نشین ے عہدوں پر کامیابی حاصل کی۔30مارچ کو تلنگانہ کی53بلدیات اور 3میونسپل کارپوریشن نظام آباد ، کریم نگر اور رام گنڈم میں رائے دہی ہوئی تھی ۔ جس کے نتائج9مئی کو جاری کئے گئے تھے۔ ریاست کی تقسیم اور عام انتخابات کے نتائج کی اجرائی میں تاخیر کے باعث بلدیات اور کارپوریشن کے صدر نشین اور میئرکے انتخاب کے عمل میں کافی تاخیر ہوئی ہے ۔ آج53بلدیات کے منجملہ 51بلدیات کے صدر نشین و نائب صدر نشین کے عہدوں پر انتخابات منعقدہوئے ۔2بلدیات نلگنڈہ اور سوریا پیٹ کے انتخابات کو کورم نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ۔ ضلع کلکٹر نلگنڈہ ، چرنجیو لو نے میڈیاکو بتایا کہ نلگنڈہ ، سوریا پیٹ کے انتخابات 4جولائی کو منعقد ہوں گے ۔ کئی بلدیات میں ٹی آر ایس اور کانگریس نے ایک دسرے پر الزام عائد کیا کہ وہ صدر نشین کے عہدے پر کامیابی حاصل کرنے انکے اراکین کو لالچ دے رہے ہیں۔ بعض بلدیات میں اراکین کو اغوا کرنے کا بھی اپوزیشن جماعتوں نے بر سر اقتدار ٹی آرایس پر الزام عائد کیا ۔ ضلع نلگنڈہ کے کوداڑ بلدیہ کے صدر نشین کے انتخاب کے دوران کافی ہنگامہ آرائی دیکھی گئی ۔ یہاں سے کانگریس کے صدر نشین کے امیدوار انیتا کو کامیابی ملی ۔ جس پر ٹی آر ایس اور تلگو دیشم کے اراکین بلدیات نے کونسل ہال میں احتجاج کیا تلگو دیشم کے اراکین نے کانگریس پر ان کے اراکین کا اغوا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ احتجاج کے درمیان ہی عہدیداروں نے صدر نشین کے لئے رائے دہی منعقد کی ۔ احتجاج کے دوران پولیس اور بلدیہ کے اراکین کے درمیان دھکم پیل کا واقعہ پیش آیا۔ سوریا پیٹ بلدیہ کے اجلاس میں بھی کافی ہنگامہ آرائی دیکھی گئی ۔بتایا گیا کہ وارڈ نمبر22 سے نمائندگی کرنے والے سی پی ایم کے کونسلر رام کرشنا کا اغواکرلیا گیا سی پی ایم کے قائدین نے ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر جگدیشور ریڈٰ کے حامیوں پر اغوا کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ جس پرو زیر موصوف نے وضاحت کی کہ ہم نے کسی کا اغوا نہیں کیا البتہ بعض نامعلوم افراد راما کرشنا کو زبردستی لے جارہے تھے ہمارے کارکنوں نے انہیں بچایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 34رکنی سوریاپیٹ بلدیہ میں تلگو دیشم کو12، کانگریس کو9، ٹی آر ایس کو4،بی جے پی کو4، سی پی ایم کو2، سی پی آئی کو ایک حلقہ پر کامیابی ملی۔ جب کہ دو آزاد امیدوار یہاں سے منتخب ہوئے ہیں ۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق کانگریس کے6تلگو دیشم کے2اور دو آزاد اراکین ٹی آر ایس کے کیمپ میں شامل ہوگئے ہیں ۔ جس سے ٹی آر ایس کے اراکین کی تعداد16تک پہنچ گئی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث صدر نشین کے عہدے کا انتخاب کل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں