سائبر آباد حیدرآباد میں دو روزہ کرائم میٹنگ کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-04

سائبر آباد حیدرآباد میں دو روزہ کرائم میٹنگ کا انعقاد

حیدرآباد
ایس این بی
پولیس کمشنر سائبرآباد سی وی آنند نے جرائم و حادثات پر قابو پانے کے لئے ایک نیا طریقہ کار اپناتے ہوئے2اور3جولائی کو’’کرائم میٹنگ‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا اور نئی روایت کو قائم کیا ۔ اس اجلاس میں اے سی پیز اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، نیویارک اور دیگر ممالک میں پولیس اس طرح کے اجلاد منعقد کرکے تبادلہ خیال کرتے ہیں اس اجلاس میں متعلقہ زونل ڈی سی پی، اے سی پیز،کرائم انسپکٹرس ، سب انسپکٹران اور دیگر نے جرائم و حادثات سے متعلق رپورٹ پیش کیں ۔ اس اجلاس میں مسرقہ اشیاء کے حصول کے لئے جرائم ، طلائی زنجیر کا سرقہ ، اور گھروں کا تالا توڑ کر سرقہ جیسے جرائم پرتفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ ڈی سی پی نے اپنے حدود میں رونما ہوئے جائیدادوں کے سلسلے میں وارداتوں کا تذکرہ کیا اور مختلف جرائم کا پتہ لگایا ۔ کئی مقدمات کی یکسوئی کر کے مسروقہ اشیاء برآمدکرنے کے واقعات بیان کئے ۔ جرائم پرقابو پانے کے لئے ضروری اقدامات پر روشنی بھی ڈالی گئی ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عہدیداروں کی کوتاہی کی وجہ سے بعض مسائل کو حل کرنا دشوار ہوجاتا ہے ۔ ڈی سی پی نے کمشنر پولیس ، جوائنٹ کمشنر اور دیگر ڈی سی پیز سے مختلف سوالات کئے اور جرائم کی اصلاح کے لئے تجاویز بھی طلب کیں۔ اے سی پی ، کرائم انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس ان سے ان کی کارکردگی سے متعلق استفسار کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسروقہ اشیاء کے حصول کے لئے ایک ایکشن پلان سائبر آباد کے لئے تیار کیا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کئی غیر ضمانتی وارنٹس، زیر التوا ہیں ۔ سارقین اور مجرموں کی جیل سے رہائی کے بعد کونسلنگ کرکے ان کو عام شہریوں کی طرح زندگی بسر کرنے کی ترغیب دی جائے گی ۔ سائبر آباد پولیس مختلف جرائم و حادثات کی انسداد کے لئے تعلیمی مہم چلائے گی ۔ اس کے علاوہ پمفلیٹس تقسیم کئے جائیں گے اور پوسٹر چسپاں کرکے عوام میں شعوربیدار کیاجائیگا اور عوام کو جرائم اور حادثات سے محفوظ رہنے کے گر بتائے جائیں گے۔ سائبر آباد پولیس کی جانب سے دن اور شب کے اوقات میں ہونے والے سرقوں سے عوام کو واقف کروایا جائے گا۔ عورتوں کی جانب سے سونے کی زنجیریں کھینچنا ، سیل فونس کا سرقہ کرنا اور سونے کے زیورات کی پالش کے بہانے سرقہ کرنے کی وارداتوں سے عوام کو واقف کروایا جائے گا ۔ بعض اوقات عوام کے ذہن کو منتشر کرکے سرقہ کی وارداتیں بھی رونما ہوئیں ہیں۔ گھریلو ملازمین کی جانب سے سرقہ، موٹر سائیکلوں کا سرقہ ، کاروں کا سرقہ ، لیپ ٹاپس کا سرقہ، چوری اور ڈکیتی کی تفصیلات سے عوام کو باخبر کیاجائے گا۔ کمشنر پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ سارقین کے مختلف طریقہ کار سے ہوشیار رہیں اور اپنی اشیاء کی خود حفاظت کو یقینی بنائیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں