گاندھی خاندان کو کانگریس سے باہر کرنے کی سازش - بینی پرساد ورما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-15

گاندھی خاندان کو کانگریس سے باہر کرنے کی سازش - بینی پرساد ورما

لکھنو
پی ٹی آئی
کانگریس کے سینئر لیڈر بینی پرساد ورما کا کہنا ہے کہ گاندھی خاندان کو پارٹی سے باہر کرنے کے لئے پارٹی کے اندر ایک گروپ سازش رچ رہا ہے ۔ ورما نے کہا کہ انہوں نے پارٹی ہائی کمان کو اس بارے میں خبر دار کیا ہے لیکن ان لوگوں کا نام پوچھا گیا توانہوں نے کہا کہ ہر کوئی انہیں جانتا ہے ۔ جب یوپی میں پارٹی کی بنیادیں ہل رہی تھیں تو یہ لوگ خود کو فائدہ پہنچانے اور پیسہ بنانے میں لگے تھے ۔ یہ وہی گروپ ہے جس نے2012کے یوپی اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی کے ٹکٹ فروخت کئے تھے اور 2014کے لوک سبھا انتخابات کے دوارن پارٹی کے خلاف کام کیا ہے ۔ پارٹی قیادت پر تنقید کرنے والوں میں پارٹی کے اندر کے کچھ لوگ شامل ہیں جن کے دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط ہیں ۔ انہوں نے کسی کا نام لینے سے انکار کرتیہوئے کہاکہ ہر شخص ان کے ناموں اور چہروں سے واقف ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ جو لوگ پہلے کانگریس کے نائب صدر کی تعریفوں کے پل باندھ رہے تھے ، وہ انتخابات میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ کے بعد ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ ورما نے کہا کہ راہول گاندھی ہی ملک اور کانگریس کے ایسے واحد لیڈر ہیں جونریندر مودی کی جگہ لے سکتے ہیں ۔
راہول گاندھی کو سیاست ،سماج اور معیشت کی گہری معلومات ہیں اور وہ ذات پات و مذہب سے بالاتر ہیں۔ اس اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کانگریس اقتدار پر واپس آئے گی ورما نے کہا کہ پارٹی کی تشکیل جدید کے لئے راہل گاندھی عنقریب سخت ترین اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات نے چھوٹی اور علاقائی جماعتوں کو غیر اہم بنادیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ قومی سیاسی جماعتیں ہی مرکزی کردار ادا کریں گی ۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق بینی پرساد نے کہا کہ اتر پردیش میں وسط مدتی انتخابات کا امکان ہے کیونکہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں اپنی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد اکھلیش یادو حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں وسط مدتی انتخابات ممکن ہیں کیونکہ ماضی میں اتنی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والی حکومتوں نے ایسا کیا ہے اور اس مرتبہ بھی ایسا ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ40تا50سماج وادی پارٹی ارکان اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ اکھلیش حکومت کو غیر مستحکم کیاجاسکے اور وسط مدتی انتخابات کرائے جاسکیں ۔ اگر اس وقت وسط مدتی انتخابات ہوں تو اتر پردیش میں بی جے پی بر سر اقتدار آسکتی ہے ۔

Some Congress leaders trying to sideline Gandhi family: Beni Prasad Verma

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں