پولاورم پراجکٹ پر ٹی آر ایس اور کانگریس اشتعال انگیزی سے گریز کریں - بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-14

پولاورم پراجکٹ پر ٹی آر ایس اور کانگریس اشتعال انگیزی سے گریز کریں - بی جے پی

وشاکھا پٹنم
پی ٹی آئی
آندھر اپردیش یونٹ بی جے پی کے صدر کے ہری بابو نے آج ٹی آر ایس اور کانگریس کے قائدین سے کہا کہ وہ آندھر اپردیش تنظیم جدید بل کی لوک سبھا میں منظوری پر اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں ۔ بل کی ایوان زیریں میں منظوری کے باعثث ہی پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہری بابو نے کہا کہ یہ پراجکٹ آندھرا پرددیش کے لئے انتہائی اہم ہے کیونکہ اس کے باعث ہی زائد اراضی پر آبپاشی کی سہولت فراہم ہوسکتی ہے ۔ بل کی منظوری پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہری بابو نے کہا کہ کھمم ضلع کے7منڈلوں کو ضم کرنے سے متعلق آرڈیننس دراصل سابق منموہن سنگھ حکومت نے منظور کیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ سینئرکانگریس قائدین جیسے جے پال ریڈی کی جانب سے 7منڈلوں کو ضم کرنے کی مخالفت بالکل ناموزوں ہیں کیونکہ بحیثیت وزیر انہوں نے اس وقت آرڈیننس کی مخالفت نہیں کی تھی جب کہ اس کو کابینہ میں منظوری دی گئی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولا ورم پراجکٹس سے نہ صرف آندھرا پردیش بلکہ تلنگانہ ، چھتیس گڑھ ، اڈویشہ کو بھی فائدہ ہوگا ۔ بی جے پی قائد نے ٹی آر ایس کی جانب سے بل کی مخالفت کو ناموزوں قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل دستوری جواز رکھتا ہے ۔ ٹی آر ایس قائدین کا اے پی تنظیم جدید بل کی منظوری کی مخالفت کرنا غیر موزوں ہے ۔ آرٹیکل3کے تحت اس بل کو منظوری دی گئی تھی اور اسی دفعہ کے تحت تلنگانہ ریاست بھی تشکیل دی گئی تھی ۔ چنانچہ ٹی آر ایس قائدین کی مخالفت غیر دستوری ہے۔ ہری بابو نے بعض ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے پولا ورم پراجکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کے مطالبہ پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیزائن سنٹرل واٹر کمیشن (CWC)کے انجینئرس کی جانب سے تیار کیا گیا ۔ سیاسی قائدین کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ ماہرین اور انجینئرس یہ کام انجام دیں گے ۔ کیونکہ یہ مرکزی حکومت کا پراجکٹ ہے ۔ ہری بابو نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت ریاست کی تنظیم جدید بل کے تحت منظور ہ تمام12تا13پراجکٹس کو روبہ عمل لائے گی ۔ پولا ورم پراجکٹ ہمہ مقصدی آبپاشی پراجکٹ ہے۔ یہ ڈیم دریا گوداوری پر زیر تعمیر ہے اور مغربی گوداوری اور مشرقی گوداوری اضلاع میں تعمیر کیاجارہا ہے ۔ بل کی منظوری کے خلا ف بائیں بازو کی جماعتوں اور رتلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایک روز قبل بند منایا۔ ٹی آر ایس اور کانگریس جماعتوں نے بھی اس بند کی حمایت کی تھی۔

Polavaram project: BJP asks Cong, TRS not to fan sentiments

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں