کتب خانہ آصفیہ - اردو عربی فارسی کے نادر و نایاب نسخے - قارئین کی توجہ کے منتظر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-14

کتب خانہ آصفیہ - اردو عربی فارسی کے نادر و نایاب نسخے - قارئین کی توجہ کے منتظر

آصفیہ اسٹیٹ سنٹرل لائیبریری ، افضل گنج ، حیدرآباد
حیدرآباد
ایس این بی / محمد صہیب غزالی
کتب خانہ آصفیہ کا قیام1891ء میں تشگان علم کو سیراب کرنے کے لئے عمل میں آیا۔، جس کا بنیادی مقصد شہر حیدرآباد کو علم و ادب کا گہوارہ بنانا تھا ۔ اس تاریخی کتب خانہ میں عربی، فارسی اور اردو کی انمول کتابیں دنیا بھر سے جمع کی گئی تھیں۔ تاہم وقت کی گردش اور حکومتوں کے معاندانہ رویہ کے باعث حالیہ عرصہ تک بھی سنٹرل لائبریری کا اردو سیکشن اپنی خستہ حالی کی منہ بولتی تصویر بناہوا تھا ۔، تاہم کچھ عرصہ پہلے اس مسئلہ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اردو سیکشن میں اصلاحات کا عمل شروع ہوا جس کے تحٹ سب سے پہلے اس عمارت کی بوسیدہ دیواروں کی تعمیر نو کی گئی اور رنگ و روغن کے بعد کتابوں کی ترتیب ان کی حفاظت اور قارئین کو اپنی مطلوبہ کتابوں کو بہ آسانی دستیابی کے اقدامات کیے گئے جس سے اردو قائدین کو کافی راحت ملی ۔ عام طور پر اردو زبان کے ساتھ متعصبانہ رویہ اور سوتیلا سلوک روا رکھے جانے کی خبریں اردو حلقوں میں گشت کرتی رہتی ہیں اور اردو کے مستقبل سے متعلق خدمات ظاہر کئے جاتے ہیں تاہم قارئین راشٹریہ سہارا کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اردو کی کئی نایاب کتابوں کا ایک ذخیرہ سنٹرل لائبریری کی زینت بنا ہوا ہے جن میں تفسیر القرآن کے کئی نادر نسخے ، سیرت کی کتابیں ، ادبی، تاریخی ، ناولس ،تعلیمی اور صحافت سے متعلق کتابیں بھی شامل ہیں۔ محمد شجاع الدین انچارج سنٹرل لائبریری اردو سیکشن نے نمائندہ روزنامہ راشٹریہ سہارا سے ایک خصوصی ملاات کے دوران کہا کہ لائبریری میں انٹر میڈیٹ ، بی اے، ایم اے، بی ایڈ ، یہاں تک کہ پی ایچ ڈی کا نصابی مواد بھی دستیاب ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں آن ڈیمانڈ(On Demand) کتابیں منگوانے کی بھی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی قاری مکمل کتاب کے بجائے کوئی خاص مضمون کاخواہشمند ہو تو اس کے لئے مذکورہ مضمون کی زیراکس کاپی بھی حاصل کرسکتا ہے ۔ اگر قارئین کی کوئی مطلوبہ کتاب لائبریری میں دستیاب نہیں ہے تو قارئین کے لئے لائبریری میں ایکSuggestion boxنصب کیا گیا ہے قارئین اپنی مطلوبہ کتاب کا نام اور مصنف کا نام تجاویز باکس میں ڈالیں ۔ کچھ ہی دنوں میں وہ کتاب ان کی خدمت میں پیش ہوجائے گی ۔ لائبریری میں مطالعہ میں مصروف ایک قاری سے لائبریری سے متعلق استفسار پر انہوں نے بتایا کہ اس لائبریری میں ہر طرح کی سہولتیں موجود ہیں ۔ خواتین اور مرد حضرات کے لئے علیحدہ نشستیں ، قارئین کے لئے ٹھنڈے پانی اور نماز پڑھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ انہوں نے لائبریری کی ایک خاص خوبی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس لائبریری میں جو نصابی کتابیں موجود ہیں وہ ریاست کی کسی بھی لائبریری میں طلباء کو دستیاب نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ لائبریری کو سربراہ کی جانے والی نصابی کتابیں اعلی اور معیاری طباعت سے آراستہ ہیں جب کہ بازار میں ملنے والی نصاب کی جدید کتابیں اس معیار کی نہیں ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی ساری سہولتیں ہونے کے باوجود اردو داں طبقہ ان سہولتوں سے خاطر خواہ استفادہ نہیں کررہا ہے ۔ انہوں نے نمائندہ راشٹریہ سہارا کے توسط سے لائبریری کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور لائبریری میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائے تاکہ لائبریری سے بیش قیمت کتابوں کے سرقہ کی وارداتوں کی مکمل تدارک ہوسکے ۔ آخر میں انہوں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ نصابی کتابوں کے مطالبہ کے لئے لائبریری سے مکمل طور پر استفادہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو درخشاں بنائیں۔


Asifia State central library

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں