برکس اجلاس میں شرکت کے لئے مودی برازیل روانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-14

برکس اجلاس میں شرکت کے لئے مودی برازیل روانہ

برلن / نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی برکس ملکوں کی چوٹی کانفرنس کے لئے برازیل جاتے ہوئے ایک رات توقف کے لئے آج برلن پہونچے ۔ برازیل روانہ ہوتے سے قبل نریندر مودی نے آج یہاں کہا کہ ہندوستانی عالمی معاشی ترقی اور امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے برکس ممالک کو خاطر خواہ اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے آج برکس رکن ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ جامع و پائیدار معاشی ترقی کو آگے بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی امن و استحکام کو لاحق خطرہ کے چیلنج سے نمٹںے کے لئے ٹھوس تعاون کریں۔ خیال رہے کہ گزشتہ پانچ سربراہ اجلاسوں اور کئی دیگر پروگراموں سے گزرنے کے بعد برکس نے اپنے ہدف کو پورا کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ برکس کا یہ اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا کے کئی ممالک سیاسی عدم استحکام ، خانہ جنگی اور انسانی آفات سے گزر رہے ہیں ۔ کئی بڑی معاشی طاقتوں کو اقتصادی کساد بازاری کا سامنا ہے جس سے مثبت معاشی ترقی کی راہ میں کئی طرح کے چیلنج درپیش ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ یہ اجلاس ایک ایسا موقع فراہم کرتا ہے جب ہم اپنے شریک برکس ممالک کے ساتھ دنیا میں امن و استحکام کا ماحول بنائے رکھنے میں اپنے تعاون پر بحث کرسکتے ہیں ۔ اس بات پر بھی بحث کرسکتے ہیں کہ کس طرح علاقائی رقابت کو ختم کیاجائے اور اس کس طرح عالمی سلامتی پر منڈلاتے ہوئے خطرات سے نمٹا جائے ۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پڑوسی ملکوں سے باہر مودی کا یہ پہلا بڑا بیرونی دورہ ہے ۔ اس سے قبل مسٹر مودی پچھلے مہینے اپنے پہلے بیرونی دورے پر سارک کے رکن اور پڑوسی ملک بھوٹان کا سفر کرچکے ہیں لیکن سارک ممالک سے باہر ان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ برکس اجلاس کے دوران وزیر اعظم لاطینی امریکی ملکوں کے لیڈروں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ جنہیں برازیل کی صدر جمہوریہ ڈیلما روسیلف نے مدعو کیا ہے۔ جن لاطینی امریکی ملکوں کے لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں ارجنٹائنا، ایکواڈور،پیرو، سورینا، وینزویلا ، یوروگوے اورچلی اہم ہیں ۔ ان میں سے سات ملکوں کے سربراہوں نے اجلاس میں شرکت کے لئے اپنی رضا مندی ظاہر کی ہے۔ مودی16ولائی کو لاطینی امریکی ملکوں کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے ۔ غور طلب ہے کہ برکس ہندوستان میں سر گرم رول ادا کررہا ہے اور یہ تنظیم عالمی منظر نامہ پر اپنے ایجنڈے کو اہمیت دینے کے لئے سفارتی و اقتصادی ماحول کا استعمال کرنے کی غرض سے کوششوں میں مصروف ہے ۔ عالمی سطح پر برکس اپنا اثر قائم کرنے کی کوشش میں یونہی نہیں ہے بلکہ اس کے رکن ممالک کی آبادی عالمی آبادی کا40فیصد اور ان کا مجموعی گھریلو پیداور( جی ڈی پی)20فیصدی ہے ۔ اجلاس میں برکس ممالک کے ترقیاتی بینک کے قیام کو بھی حتمی شکل دی جاسکتی ہے ۔ بینک کے قیام کے بعد ہندوستان کو اپنے بنیادی ڈھانچہ کی سطح پر ترقی کے لئے اس کا بڑا فائدہ ملنے کی امید ہے۔ بینک کیلئے100کروڑ ڈالر کے فنڈ کی تجویز ہے جس کا استعمال تعلیم ، صحت، شہری آبادی ، آفات کے بندوبست ، سائنس اور تکنیک و دیگر اختراعی کاموں کے لئے کیاجائے گا۔

PM Modi leaves for Brazil to attend BRICS Summit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں