کیا وزیر اعظم بھگوان ہیں جو کبھی کبھار درشن دیں گے - قائد اپوزیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-24

کیا وزیر اعظم بھگوان ہیں جو کبھی کبھار درشن دیں گے - قائد اپوزیشن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ملک ارجن کھرگے نے آج کہا ’’کیا وزیر اعظم بھگوان ہیں کہ وہ ہمیں کبھی کبھار درشن دیں گے‘‘۔ ان کے اس جملہ پر لوک سبھا قہقہہ زار ہوگئی ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کل ان کے اس تبصرہ پر تنقید کی تھی کہ نریندر مودی کو کم از کم ہفتہ میں ایک مرتبہ پارلیمنٹ میں اپنا چہرہ دکھانا چاہئے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ چونکہ انہوں(کھرگے) نے کل یہ شکایت کی تھی ، اسی لئے آج وزیر اعظم وقفہ سوالات کے دوران ایوان میں موجود تھے ، اور آپ نے ان کادرشن کیا ہوگا ۔سشما سوراج کے اس بیان پر کھرگے نے کہا کہ کیا وزیر اعظم بھگوان ہیں جو وہ کبھی کبھار درشن دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ہفتہ میں کم از کم ایک مرتبہ اپنا چہرہ دکھانا چاہئے ۔ میں ان سے روز یہاں آنے کی توقع نہیں رکھتا۔ بجٹ اجلاس کے بعد سے وہ ایوان میں نہیں آئے ۔ اس سے پہلے سشما سوراج نے کھرگے پر طعنہ کسا تھا کہ منموہن سنگھ نے بحیثیت وزیر اعظم پانچ مرتبہ برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کی تھی لیکن انہوں نے ایک مرتبہ بھی پارلیمنٹ میں اس مسئلہ پر بیان نہیں دیا تھا۔ سشما سوراج نے کہا کہ صرف ایک مرتبہ وزیر خارجہ نے اس مسئلہ پر بیان دیا تھا ۔ نئی حکومت وزیر اعظم کے دورہ برازیل پر بیان دیتے ہوئے ایک نئی روایت قائم کررہی ہے۔ کھرگے نے کہا کہ سشما سوراج کافی باصلاحیت ہیں اسی لئے ایوان کہے گا کہ وزیر اعظم بیان دیں ۔ کھرگے کی اس تنقید پر کہ وزیر اعظم انہیں اپنے ساتھ برکس چوٹی کانفرنس میں نہیں لے گئے ، سشما سوراج نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس جاری نہ ہوتا تو وہ اس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے وزیر اعظم کے ساتھ گئی ہوتیں۔

Is PM Modi God to give occasional darshan: Mallikarjun Kharge

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں