کشمیر میں ہڑتال - عام زندگی بری طرح متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-14

کشمیر میں ہڑتال - عام زندگی بری طرح متاثر

سری نگر
پی ٹی آئی
وادی کشمیر میں علیحدگی پسند گروپوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر عام زندگی بری طرح متاثر رہی۔ بوگرافورسیس کی جانب سے1931میں احتجاجیوں پر فائرنگ میں 22 افراد کی ہلاکت ہوگئی تھی جس کی یاد میں علیحدگی پسندوں نے آج ہڑتال کی اپیل کی ۔ وادی کے زیادہ تر حصہ میں دکانات اور تجارتی ادارے بند رہے۔ سرکاری ٹرانسپورٹ گاڑیاں سڑکوں سے ہٹا لی گئی تھیں ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی تاہم خانگی کارس، گاڑیاں اور آٹو رکشا وادی کے اہم علاقوں میں سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ لال چوک علاقہ میں ہفتہ واری بازاروں میں چند دکانیں لگائی گئیں۔ 13جولائی کو ریاست جموں و کشمیر میں22 کشمیریوں کی ہلاکت کی یاد میں ، یوم شہیداں کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ علیحدگی پسندوں نے عام ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے نقشبند صاحب درگاہ جہاں پولیس فائرنگ میں ہلاک 22افراد مدفون ہیں ، کی جانب مارچ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے سری نگر کے مختلف علاقوں میں نقل و حرکت پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا اثر دیکھا گیا ۔ علیحدگی پسند گروپوں کے جلوسوں کو ناکام بنانے کے لئے سری نگر کے5پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ دریں اثناء تقریباً تمام علیحدگی پسند قائدین کو شہیدوں کے مقبرہ کی جانب مارچ کرنے سے روکنے کیلئے احتیاطی طور پر نظر بند رکھا گیا ہے ۔ اعتدال پسند حریت کانفرنس کے ترجمان شہید الاسلام نے کہا کہ چیئرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق اور پروفیسر عبدالغنی بھٹِ مولاناعباس انصاری ، اور معمر قائد سید حسن کے بشمول دیگر قائدین کو نظر بند رکھا گیا ہے تاکہ انہیں خواجہ نقشبند صاحب درگاہ کی جانب مارچ کرنے سے روکاجائے۔

Normal life disrupted in Kashmir due to strike by separatists

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں