دہلی میں حکومت کی تشکیل کے تعلق سے جلد فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-14

دہلی میں حکومت کی تشکیل کے تعلق سے جلد فیصلہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی بی جے پی کے نو منتخبہ صدرستیش اپادھیا ئے نے پارٹی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کہا کہ دارالحکومت میں حکومت کی تشکیل یا تازہ رائے دہی کرانے کے تعلق سے ایم ایل اے، ایم پی اورسینئر قائدین کی رائے جاننے کے بعد بہت جلد قطعی فیصلہ کیاجائے گا۔52سالہ ستیش اپادھیائے نے جو آر ایس ایس کے قریبی آدمی سمجھے جاتے ہیں، کہا کہ پارٹی کو تازہ انتخابات کی صورت میں بڑی تعداد میں نشستیں حاصل ہونے کا یقین ہے اور انہوں نے لوک سبھا کے انتخابات میں70اسمبلی حلقوں میں60حلقوں میں بی جے پی کو پہلا مقام حاصل ہونے کاحوالہ دیا ۔ اپادھیائے نے پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ کی رائے معلوم کرنے کے بعد تازہ انتخابات یا پھر حکومت کی تشکیل کے تعلق سے فیصلہ کیاجائے گا۔ بی جے پی نے گزشتہ سال دسمبر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں31سیٹیں جیتی تھیں ۔ لیکن حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ارکان اسمبلی ہرش وردھن ،رمیش بدھوری اور پرویش ورما کے منتخب ہوجانے کے بعد یہ تعداد گھٹ کر28ہوچکی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت کے مستعفیٰ ہوجانے کے بعد17فروری کو دہلی میں صدر راج نافذ کردیا گیا تھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ امکان ہے کہ ریاست کی صورتحال پر آئندہ ایک یا دو مہینے کے اندرون مرکز کو رپورٹ روانہ کریں گے ۔ مرکزی کابینہ صدر راج کو آئندہ6ماہ تک جاری رکھنے یا پھر تازہ انتخابات کروانے کے تعلق سے فیصلہ کرے گی ۔ ستیش اپادھیائے نے جنہوں نے کل عہدہ سنبھالا، عام آدمی پارٹی کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ بی جے پی ، حکومت تشکیل دینے کے لئے اس کے ارکان کو رجھا رہی ہے ۔ ستیش اپادھیائے نے کہا کہ میں صرف اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کے ساتھ رابطہ میں ہوں اور عام آدمی پارٹی یا کانگریس کے ارکان سے میرا کوئی ربط نہیں ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی اگر اقتدار میں آتی ہے تو برقی شرحوں میں 30فیصد تک کمی کی جائے گی۔

Decision on government formation in Delhi soon: Delhi BJP chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں