مودی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام - پرکاش کرت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-05

مودی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام - پرکاش کرت

وجئے واڑہ
یو این آئی/ پی ٹی آئی
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ۔ مارکسسٹ(سی پی آئی ایم)کے قومی جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت افراط زر کی روک تھام میں ناکام ہوگئی ہے اور اس کے حالیہ فیصلوں سے عام آدمی پر بوجھ میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریل کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے عام آدمی پر مزید بوجھ لاچکی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ بہت جلد ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی ۔ نریندر مودی کی حکومت افراط زر کو روکنے میں ناکام رہی ۔ بالخصوص اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر وہ کنٹرول نہیں کرسکی ہے ۔ پرکاش کرت یہاں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پٹرولیم پراڈکٹس پر ٹیکس کٹوتی کے ذریعہ عام آدمی پر بوجھ میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔کرت نے کہا کہ انہیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ این ڈی اے حکومت قومی دیہی روزگار ضمانت ایکٹ کے فنڈس میں کٹوتی کرے گی حالانکہ یہ اسکیم غریبوں کے لئے کافی فائدہ مند ہے ۔ واضح ہو کہ سابقہ یو پی اے حکومت نے لازمی روزگار قانون مدون کیا تھا۔ سی پی آئی ایم کارکنوں کا قتل کرنے اور ان کی خواتین کی عصمت ریزی کی مبینہ دھمکیوں پر مشتمل ترنمول کانگریس قائد تپس پال کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے پرکاش کرت نے افسوس کا اظہار کیا کہ مغربی بنگال کی پولیس ایسی بیان بازیوں میں ملوث قائدین کے خلاف کارروائی میں ناکام ہوگئی ہے ۔ حالانکہ ان بیانات سے تشدد کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو پارٹیوں کے قائدین ، حامی اور کارکن ترنمول قائدین کے حملوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مغربی بنگال کی حکومت تپس پال کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج عمل میں لائے ۔ انہوں نے تپس پال کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے اقدام پر تشویش کا اظہار بھی کیا ۔ واضح ہو کہ تپس پال کی معذرت خواہی کے بعد ممتا بنرجی نے انہیں معاف کردیا تھا ۔ پرکاش کرت نے اعلان کیا کہ سی پی آئی ایم یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھائے گی ۔ مارکسی قائد نے مزید بتایا کہ مودی حکومت کو امریکی نیشنل سیکوریٹی ایجنسی کی جانب سے بی جے پی کی جاسوسی کے معاملہ پر سخت موقف اختیار کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اقدامات ہمارے قومی مفادات پر حملہ کے مترادف ہیں۔ مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ امریکی حکومت سے واضح تیقن حاصل کرے کہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے ۔ نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو چاہئے کہ وہ صدر بارک اوباما سے واضح تیقن حاصل کرے کہ مستقبل میں ہندوستان کی کسی بھی سیاسی جماعت یا قائدین کی جاسوسی نہیں کی جائے گی ۔ پرکاش کرت وجئے واڑہ میں آندھر اپردیش یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافت سے ملاقات پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی قومی سیکوریٹی ایجنسی کو2010میں بی جے پی کی نگرانی کی ہدایت دی گئی تھی ۔ امریکی حکومت کی حرکت ہمارے سیاسی نظام پرشدید حملے کے مترادف ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت اس معاملہ پر معمول کا احتجاج کرکے خاموشی اختیار نہیں کرے گی ۔ مرکز کو چاہئے کہ وہ صدر امریکہ بارک اوباماسے واضح تیقن کا مطالبہ کرے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہوگا۔ پرکاش کرت نے یاددلایا کہ برازیل کے وزیر اعظم نے اس وقت اپنا دورہ امریکہ منسوخ کردیا تھا جب انہیں پتہ چلا کہ امریکہ ان کی جاسوسی کررہا ہے ۔پرکاش کرت نے مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی وزیر اعظم برازیل کی تقلید کریں۔

Modi government has burdened people with rail fair hike: Prakash Karat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں