فسادات کی مجر م مایا کوڈنانی کی ضمانت منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-31

فسادات کی مجر م مایا کوڈنانی کی ضمانت منظور

احمد آباد
یو این آئی
گجرات ہائی کورٹ نے سابق ریاستی وزیر مایا کوڈنانی کو باقاعدہ ضمانت دے دی ہے ۔ اسے2002کے فسادات میں خصوصی عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیاجاچکا ہے اور سزا بھی سنائی جاچکی ہے ۔ جسٹس وی ایم سہائے اور جسٹس آر پی دھولاریا پر مشتمل بنچ نے کوڈنانی کی درخواست ضمانت منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ مجرمہ نے صحت اور اسکی درخواست پر سماعت میں تاخیر کی بنیاد پر ضمانت کی اپیل کی تھی ۔ 58سالہ کوڈنانی نے اپنی درخواست میں استدلال کیا کہ خصوصی عدالت کے فیصلہ کو چیالنج کرتے ہوئے جودرخواست داخل کی گئی ہے وہ ہائی کورٹ میں دسمبر2012سے زیر التوا ہے ۔ مستقبل قریب میں بھی اس کی سماعت متوقع نہیں ہے ۔ گجرات میں نریندر مودی کی سابق حکومت کی وزیر کو اس سال فروری میں ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دی تھی جس میں توسیع سے بعد میں انکار کردیا گیا تھا ۔
کوڈنانی کی درخواست ضمانت15جولائی کو جسٹس اننت دیو کے اجلاس پر پیش ہوئی جنہوں نے بغیر کوئی وجہ بتائے اس کی سماعت سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا ’’میرے روبرو نہیں‘‘۔ بعد میں فسادات میں ملوث ہونے کی درخواست جس بنچ کے حوالے کی گئی اس نے آج فیصلہ سناتے ہوئے باقاعدہ ضمانت منظورکرلی ۔ خصوصی ایس آئی ٹی عدالت نے اگست2012میں کوڈنانی ، بجرنگ دل لیڈر بابو بجرنگی اور دیگر29افراد کو2002کے فسادات کا قصور وارقرار دیتے ہوئے عمر قیدکی سزا سنائی تھی ۔ مایا کوڈنانی جیل میں دماغی خلل اور فالج کا شکار ہوگئی ہے ۔ اس دوران سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ ایس آئی ٹی نے کہا ہے کہ وہ کوڈنانی کو ضمانت دینے سے متعلق گجرات ہائیکورٹ کے حکم کو چیالنج کرے گی ۔ ایس آئی ٹی کے سرکاری وکیل پی جے دیسائی نے بتایا کہ ہم جمعرات کوگجرات ہائیکورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے اس حکم پر اس وقت تک روک لگانے کی خواہش کریں گے جب کہ تک وہ اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیالنج نہیں کرتی۔

Naroda Patia massacre: Maya Kodnani granted bail by Gujarat high court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں