فلسطین کے مسئلہ پر راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-17

فلسطین کے مسئلہ پر راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی

نئی دہلی
یو این آئی
راجیہ سبھا میں اس سوال پر کہ پہلے ریل بجٹ پر بحث ہو یا پہلے فلسطین کی غزہ پٹی میں اسرائیلی تشدد پر آج وقفہ طعام کے بعد تقریباً آدھے گھنٹے تک ہنگامہ ہوتا رہا اور بعد میں ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی ۔ اپوزیشن کا مطالبہ تھاکہ غزہ پر بحث کرائی جائے جبکہ حکومت ریلوے بجٹ پر بحث کرنا چاہتی تھی ۔ پہلے ایوان کی کارروائی کو15منٹ کے لئے12:36بجے تک ملتوی کردیا گیا اس کے بعد پھر2بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔ جب ایوان کی کارروائی2:20کو شروع ہوئی تو اس مسئلہ پر ہنگامہ آرائی جاری رہی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی کو40منٹ کے لئے ملتوی کرنے کے بعد دوبارہ کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن کے ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور غزہ پر بحث کا مطالبہ کرنے لگے جس کی وجہ سے نائب صدر نشین نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی ۔ قبل ازیں وقفہ طعام کے بعد جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی نائب صدر نشین نے ریلوے بجٹ پر بحث کا آغاز کرنے کے لئے بی جے پی کے پربھات جھا کا نام پکارا ، اس پر کانگریس( آئی) کے رکن اشونی کمار اور ستیہ ورت چتر ویدی نے زبردست اعتراض کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے ایجنڈہ میں پہلے فلسطین پر بات چیت طے کی گئی ہے ۔ اس لئے ریلوے بجٹ پر بحث نہیں کی جاسکتی ۔ دریں اثناء وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ لوک سبھا میں بھی فلسطین پر بحث کی اجازت نہیں ملی ہے اور انہوں نے راجیہ سبھا کے صدر نشین کو خط لکھ کر پہلے ریلوے بجٹ پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ابھی وہ خط زیر غور ہے اس لئے فلسطین پر بحث نہیں کرائی جاسکتی ۔ سی پی ایم کے سیتا رام یچوری نے کہا کہ جب ایک بار کام کی فہرست تیار ہوجاتی ہے اور وہ ارکان کے درمیان تقسیم کردی جاتی ہے تو و ہ ایوان کی ملکیت ہوجاتی ہے ۔ اس میں کوئی تبدیلی ایوان کی رائے کے بغیر نہیں کی جاسکتی۔ پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو اور پرکاش جاؤڈیکر کا کہناتھا کہ کل شام ایوان نے خود طے کیا تھاکہ آج پہلے ریلوے بجٹ پر بحث ہوگی ، اس لئے پہلے ریلوے بجٹ پر بحث کرائی جارہی ہے ۔ لیکن اپوزیشن ارکان نہیں مانے اور وہ اپنے مطالبہ پر قائم رہے ۔
غزہ کی صورتحال پر پارلیمنٹ میں بحث سے گریز کرنے پر مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج کہا ہے کہ اس کی خاموشی سے بین الاقوامی برداری میں ہندوستان کا وقار گھٹا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں غزہ کی صورتحال پر بحث کرانے سے وزیر خارجہ سشما سوراج کا انکار انتہائی تکلیف دہ ہے وہ اس نازک مرحلہ پر حکومت کی خاموشی سے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے متعینہ اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے اس سے اس خطرناک سمت کے بارے میں سنگین سوالات پیدا ہوئے ہیں جہاں نریندر مودی حکومت ملک کی خارجہ پالیسی کو لے جارہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے ایک بیان میں یہ بات کہی ۔

Israel-Palestine row force Rajya Sabha adjournment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں