’’اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ فلوریڈا‘‘ نے رمضان میں ضرورتمند مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں کو بھی لاکھوں ڈالرز کی غذائی امداد دی ۔ افطار ڈنر میں بھی مدعو کیاجاتا ہے۔ خیراتی کاموں اور فوڈبینک کے لئے75رضا کاروں کی خدمات حاصل ہیں !
امریکی جریدے’’میامی ہیرالڈ‘‘ نے ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مسلمانوں خی تنظیم ’’اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ فلوریڈا‘‘ رمضان کے مبارک مہینے میں اپنے رفاہی کاموں ، بالخصوص غیر مسلم امریکی باشندوں کی مدد کے حوالے سے انتہائی مقبول ہوگئی ہے ۔ تنظیم کے تحت لاکھوں ڈالرز کی غذائی امداد اس ماہ امریکی باشندوں میں تقسیم کی جاچکی ہے اور یہ سلسلہ رمضان کے اختتام تک جاری رہے گا۔
امریکی جریدے نے تسلیم کیا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے تحت رمضان کا مہینہ خیرانی اور سماجی بھلائیوں کے کاموں کی رغبت دلاتا ہے ۔ جس کو امریکی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ’’اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ‘‘ نے بڑے جامع انداز میں پیش کیا ہے ۔ تنظیم کی جانب سے امریکی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ بالخصوص نادار اور غریب امریکی شہریوں کی غذائی امداد کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس کے تحت ہر غیر مسلم گھرانے میں راشن سے بھرے تھیلے فراہم کیے جارہے ہیں جن میں چاول، چینی ، تیل، حلال گوشت ، بچوں کے دودھ ، ہیر یلیک مٹھائیوں ، گروسری آئٹم سمیت گھریلو اجناس کا قابل قدر ذخیرہ موجود ہے۔ تنظیم کے رکن مسٹر عبدالرحمان نے ’’میامی ہیرالڈ‘‘ کو بتایا ہے کہ’’اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ‘‘ پورا سال اپنے اراکین اور مخیر حضرات کے ساتھ رابطے بنائے رکھتی ہے اور اس کی جانب سے بنایا جانے والا متحرک’’غذائی بینک‘‘ مختلف اجناس اور سامان سے بھرپور رہتا ہے جس کو غریب اور مفلوک الحال مسلمانوں اور غیر مسلم امریکی باشندوں میں منظم انداز میں ہر ماہ تقسیم کیاجاتا ہے ۔ تاہم ماہ رمضان قریب آتے ہی اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ کا یہ غذائی بینک اپنے خیراتی کاموں میں عروج پر پہنچ جاتا ہے اور اس ماہ میں سارے سال کی نسبت100فیصد زیادہ غذائی اجناس اور سامان بانٹا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے امریکہ کے غیر مسلم عیسائی باشندوں کو نظر انداز ہرگز نہیں کیاجاتا ۔ ان کو بھی غذائی امداد فراہم کی جاتی ہے اور ہر روزافطار کے وقت کمیونٹی سینٹرز اور عوامی مقامت پر افطار ڈنر میں بھی انہیں مدعو کیاجاتا ہے۔
امریکی جریدے سے گفتگو میں ایک مقامی مسلم خاتون سلیمہ کہتی ہیں کہ ان کے معاشی حالات کافی عرصے سے سنبھل نہیں پائے تھے کسی نے اس بارے میں اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ کو مطلع کردیا جس کے بعد تنظیم کے رضا کاروں نے میرے گھر پر ہر ماہ غذائی بینک کی مد میں ایک بڑ ی فوڈ باسکٹ پہنچانا شروع کردی ۔ اس میں اس قدر راشن ہوتا کہ ان کے دونوں بچوں کی غذائی ضروریات پوری ہوجاتیں جس پر میں امریکی مسلمانوں کی اس مخیر تنظیم کی شکر گزار ہوں ۔ مسز سلیمہ نے مزید کہا کہ وہ اپنی نگاہوں سے دیکھ رہی ہیں کہ اس تنظیم اور اس کے رضا کاروں اور تقسیم کے کاموں میں مسلمانوں خے ساتھ ساتھ غیر مسلم باشندوں کو بھی فراموش نہیں کیاجاتا اور انہیں بھی عزت و احترام دیاجاتا ہے ۔ اسلامی فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ کے غذائی بینک سے مستفید ہونے والی ایک مقامی امریکی خاتون جینا سوریز کا کہنا تھا کہ وہ مطلقہ ہیں اور ان کی آمدنی کم ہے ۔ لیکن انہیں تنظیم کی جانب سے ہر ماہ فوڈ باسکٹ فراہم کی جاتی ہے جس سے با آسانی گزارا ہوجاتا ہے ۔ امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ اس سے بات چیت میں ’’اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ‘‘ کے ساتھ افطار اور غذائی بینک سے استفادہ کرنے والے غیر مسلم امریکیوں نے بھی فاؤنڈیشن کے مسلم رضاکاروں کی بہت تعریف کی اور کہا کہ انہیں رمضان کے مہینے کی اصل غرض و غایت اب سمجھ میں آئی ہے کہ اسلام عام مسلمانوں کو رمضان میں ان غریبوں کا احساس کرنے کا درس دیتا ہے جو عموماً دن بھر کھانا نہ ہونے کے باعث بھوکے رہتے ہیں ۔’’اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ‘‘ کے ایونٹ کو آرڈی نیٹر مسٹر عبدالرحمان نے بتایا کہ رمضان میں ان کے فلاحی کاموں اور غذائی بینک سے سینکڑوں خاندانوں کو امداد دی جاتی ہے ۔ اسلامک فاؤنڈیشن آف ساؤتھ امریکہ سے منسلک ایک رضا کار کوثر ہارون کا کہنا تھا کہ تنظیم کی جانب سے رمضان کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی امداد ی غذائی ہاکسز کی تیاری کا کام شروع کردیاجاتا ہے ۔ اس سال75رضا کاروں نے تنظیم کے خیراتی کاموں اور فوڈ بینک کے لئے اپنی خدمات فراہم کی ہیں۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں