مساجد اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت - تلنگانہ حکومت نے 2 کروڑ سے زائد رقم جاری کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-14

مساجد اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت - تلنگانہ حکومت نے 2 کروڑ سے زائد رقم جاری کی

حیدرآباد
اعتماد نیوز
حکومت تلنگانہ کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں مساجد اور عید گاہوں میں تعمیرو مرمت کے کاموں ، آہک پاشی ، برقی کے کاموں ، وضو خانوں، بیت الخلاء اور دیگر ضروریات کے مرمتی کاموں کے لئے2کروڑ79لاکھ 30ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے احکامات جاری کرتے ہوئے تفصیل میں بتایا کہ ماہ رمضان 2014کے لئے تلنگانہ کے تماما ضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے ۔ کہ وہ متعلقہ اضلاع کے مساجد اور عید گاہوں کے متولیان نگران اور انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک اور عید الفطر کے لئے مساجد اورعید گاہوں میں معمولی تعمیر و مرمت ، تجدید، چھت کے لکیج و مرمت ، آہک پاشی ، بیت الخلاء وضو خانوں کی مرمت ، برقی کے کاموں کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیئر آفیسر، بلدی کمشنرس ، تحصیلداروں کو ہدایت دیں کہ وہ فوری مساجد اور عید گاہوں کا دورہ کریں اور جہاں بھی ضروری کام ہوں انہیں فوری انجام دیں ۔ اس سلسلہ میں تمام 10اضلاع کے لئے رقومات بھی جاری کردی گئی ہیں ۔ حیدرآباد کے لئے30لاکھ روپے، عادل آباد کے لئے9لاکھ30ہزار روپے ، کریم نگر، کھمم ، میدک ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، نظام آباد ، رنگا ریڈی اور ورنگل کوفی کس30لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری مذکورہ فنڈس کا استعمال کریں ۔ ریاستی وقت بورڈ کے ذریعہ یہ فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں