چندرا بابو کے خلاف دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے - جگن موہن ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-24

چندرا بابو کے خلاف دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے - جگن موہن ریڈی

حیدرآباد
یو این آئی
صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا ہیکہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو نے کسانوں اور ریاست کے عوام کودھوکہ دیا ہے ، اس لئے ان کے خلاف دفعہ420کے تحت معاملہ درج کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے کسانوں کو نئے قرض فراہم کرنے اور ان کے قرضوں کی معافی کے مطالہ پر وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے ریاست بھر میں احتجاج شروع کئے جائیں گے ۔ اس احتجاج کے موقع پر آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کے پتلے جلائے جائیں گے ۔ اس احتجاج کا آغاز جمعرات 24جولائی سے ہوگا ۔ جگن موہن ریڈی نے گنٹور میں پارٹی کے قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا ایک حلقہ چندرابابو نائیڈو کا دفاع کررہا ہے۔ خریف کا موسم شروع ہونے کے تین ہفتہ گزرنے کے باوجود بھی کسانوں کے قرضوں کی معافی کے معاملے پر کوئی وضاحت حکومت کی جانب سے سامنے نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالا تر ہوکرتمام کو کسانوں کے بارے میں سوچنا چاہئے ۔ جگن موہن ریڈی نے تمام سیاسی جماعتوں بشمول بی جے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تلگو دیشم حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف ان کی پارٹی کے اس احتجاج میں شامل ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کسانوں کے قرضوں کی معافی کے وعدہ کے ساتھ اقتدار پر آئی لیکن اقتدار سنبھالنے کے باوجود چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے ۔ حکومت قرضہ جات معاف نہ کرتے ہوئے کسانوں کو مشکلات میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام کے لئے حکومت کی جانب سے عوام سے رقومات حاصل کی جارہی ہیں اور اس کے لئے سکریٹریٹ کے علاوہ چندرا بابو کے دفتر میں ڈبے رکھے گئے ہیں ۔ حکومت اسمگلرس کے پاس سے سرخ صندل کی ضبط لکڑی کو رہن رکھ رہی ہے تاکہ نئے صدر مقام کے لئے رقومات جمع کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بابو اپنے دور حکومت میں ہر دن ایک جھوٹ بولتے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ چندرابابو کی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کی کیوں تائید کی تھی ۔ چندرابابو نے ریاست کے کسانوں کے قرضوں کی معافی کا وعدہ کیا تھا لیکن بر سر اقتدار آنے کے بعد انہوں نے اس معاملے پر عدم سنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک کمیٹی کیوں قائم کی ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ چندر ا بابو یہ جانتے تھے کہ مالی مشکلات کے سبب کسانوں کے قرضوں کی معافی عملی طور پر ممکن نہیں ہے ، اسکے باوجود انتخابات کے موقع پر کسانوں کے قرضوں کی معافی کا نہ صرف وعدہ کیا گیا بلکہ اس تعلق سے ہر گھر پمفلٹس بھی تقسیم کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا گیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چندرابابو نائیڈو نے ریاست آندھرا پردیش کے عوام سے دغا بازی کی ہے ۔ اس موقع پر جگن نے کسانوں کے قرضوں کی معافی کے سلسلے میں انتخابات میں تقسیم کردہ پمفلٹس اور بابو کی انتخابی تقاریر بھی دکھائیں ۔

Chandrababu should be booked Sec 420: YS Jagan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں