بل کلنٹن کا جئےپور میں ایک سرکاری اسکول کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-17

بل کلنٹن کا جئےپور میں ایک سرکاری اسکول کا دورہ

جئے پور
پی ٹی آئی
سابق صدر امریکہ بل کلنٹن نے آج یہاں ایک غیر سرکاری تنظیم(این جی او) کی جانب سے چلائے جانے والے طعام خانہ(کچن) کا دورہ کیا۔ اس طعام خانہ کے ذریعہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کی کثیر تعدا د کو غذا فراہم کی جاتی ہے ۔ یہ فراہمی دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کی اسکیم کا حصہ ہے ۔ ہزاروں طلباء کے لئے دوپہر کے کھانے کی تیاری کامشاہدہ کرنے کے بعد کلنٹن نے ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو اپنے ہاتھ سے چپاتیاں فراہم کیں ۔ قبل ازیں انہوں نے جگت پورہ علاقہ میں اکشیہ پترا فاؤنڈیشن کے کچن کا دورہ کیا اور دیکھا کہ غذائیں کیسے تیار کی جاتی ہیں ۔سابق صدر امریکہ بل کلنٹن اپنے دورۂ ایشیا؍ پیسفک علاقہ کے حصہ کے طور پر گزشتہ پیر کی رات کویہاں پہنچے تھے تاکہ کلنٹن فاؤنڈیشن کی سر گرمیوں کاجائزہ لیں۔ وہ اپنے25رکنی وفد کے ساتھ مذکورہ این جی او کے مرکز پہنچے جہاں اس ادارہ کے ٹرسٹی ارکان اور بعض اسکولی طلباء نے ان کا گرمجوشانہ خیر مقدم کیا ۔ بعد میں انہوں نے کچن کے اطراف تقریباً ایک گھنٹہ پھر کر مختلف امور کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ جئے پور میں اور اس کے اطراف اسکولی طلباء کوکھانا کس طرح فراہم کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر فاؤنڈیشن کے چیرمین مدھو پنڈت داسا سے اس فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایسا معلوم ہوتا ہیکہ کلنٹن چپاتی تیار کرنے والی مشین کی کارکردگی سے بطور خاص متاثر ہوئے ۔یہ مشین ایک گھنٹہ میں لگ بھگ40ہزار چپاتیاں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ اپنے دورہ کچن کے بعد کلنٹن اور ان کا وفد ، قریبی پرتاپ نگر علاقہ میں ایک سرکاری ہسپتال کی طرف بڑھا جہاں طلباء اور اساتذہ نے مشہور راجستھانی گیت’’پدھارومہارے دیس‘‘ گاتے ہوئے ان کا استقبال کیا ۔ لڑکیوں نے ایک اور مشہور راجستھانی لوک گیت’’گھومر‘‘ گاتے ہوئے تہذیبی پیروگرام پیش کیا ۔ سابق صدر امریکہ سے ملاقات کے لئے طلباء کی ایک کثیر تعداد قطار بنائے کھڑی تھی ۔ ان میں سے بعض طلباء نے کلٹن کو آٹو گراف لیا اور انہیں دستکاری تحائف دئیے ۔ اسکولی طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کلنٹن نے اکشیہ پترا فاؤنڈیشن کے کام کی ستائش کی اور امید ظاہرکی کہ اس فاؤنڈیشن کے ذریعہ غذا حاصل کرنے والے اسکولی طلباء کی تعداد1.3ملین سے بڑھ کر چند برسوں میں 5ملین ہوجائے گی ۔ سابق صدر امریکہ نے کہا کہ’’میں اپنے اس گرمجوشانہ خیر مقدم پر تمام طلباء اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ یہ ان کوششوں کا حصہ ہے جن کے تحت10ریاستوں میں زائد از10ہزار اسکولوں میں استفادہ کیاجاتا ہے اور سالانہ1.3ملین طلباء کے طعام کاانتظام ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خانگی شعبہ کی تاجر برادری اور غیر سرکاری تنظیم کے مابین شاندار اشتراک ہے ۔ کلنٹن اور ان کے وفد کے ارکان نے طلباء کو دوپہر کا کھانا بھی فراہم کیا۔

Bill Clinton visits Jaipur school kitchen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں