ملیالی شہری کو بحرینی شہریت کا اعزاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

ملیالی شہری کو بحرینی شہریت کا اعزاز

تروولا(کیرالا)
آئی اے این ایس
بحرین میں مقیم66سالہ ملیالی ایر کنڈیشننگ میکانک ایم ٹی میتھوز کر نہ صرف ایک ممتاز کاروباری ادارہ کی رکنیت کا اعزاز حاصل ہوا ہے بلکہ انہیں خلیجی ملک کی شہریت سے بھی نوازا گیا ہے ۔ بحرین میں غیر ملکیوں کو شہریت شاذو نادر ہی حاصل ہوتی ہے ۔ یہ رات و رات دولتمند ہونے کی کوئی کہانی نہیں بلکہ کڑی محنت ، سخت مشقت اور مسلسل جدو جہد سے منزل مقصود تک پہنچنے کی داستان ہے ۔ میتھوز تروولا کے قریب ایک چھوٹے سے گاؤں پلر میں پیدا ہوئے ۔ ان کی پرورش بھی یہیں ہوئی ۔1960میں میٹرک پاس کرنے کے بعد وہ اپنے چچا کے پاس ممبئی چلے گئے جہاں انہوں نے انڈین ایر فورس میں داخلہ لیا تاہم طبی طور پر نا اہل ثابت ہونے کے بعد وہ دلبرداشتہ ہوگئے۔ بعد ازاں وہ گاؤں لوٹ آئے تاہم ان کے چچا نے انہیں اپنا ٹھکانہ خود ڈھونڈ لینے کاحکم صادر کیا ۔ میتھوز نے ہمت نہ ہاری اور ایر کنڈیشننگ میکانک کی حیثیت سے تربیت حاصل کی ،۔ قسمت کا ستارہ چمکا اور اسے بحرین میں ملازمت مل گئی ۔1969میں سمندری جہاس کے دل دہلانے والے ایک ہفتہ طویل سفر کے بعد وہ بحرین پہنچے اور یہیں سے سخت محنت اور کڑی مشقت اور جہد مسلسل کا نیا دور شروع ہوا ۔ انہیں کمپنی کی جانب سے مزید تربیت کے لئے امریکہ بھیج دیا گیا ۔ وہ بحرین کے ایک ممتاز کاروباری ادارہ وائی کے المعید اینڈ سنس کے11رکنی بورڈ کے پہلے غیر بحرینی رکن ہیں ۔ ملیالی بحرینی سیٹزن ہونے کے ناطے ان کے اعزاز میں بحرین کے علاوہ ان کے موضع میں بھی تہنیتی تقاریب کا اہتمام ہوا ۔

A Malayalee Bahraini: Kerala village honours its proud son

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں