ریلوے بجٹ میں تلنگانہ اور آندھرا کو 7 نئی ٹرینیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-09

ریلوے بجٹ میں تلنگانہ اور آندھرا کو 7 نئی ٹرینیں

حیدرآباد
آئی اے این ایس
وزیر ریلوے ڈی وی سدانند گوڑا نے آج اپنے پہلے ریلوے بجٹ میں تلگو بولنے والی دو ریاستوں تلنگانہ اوراے پی کے لئے سات نئی ٹرینوں کا اعلان کیا۔ ان میں تلنگانہ کے لئے چار اور اے پی کے لئے تین ریل گاڑیاں شامل ہیں۔ تلنگانہ کے لئے نئی ٹرینوں میں حیدرآباد تا چینائی سیمی بلیٹ ٹرین ، ناگپور تا سکندرآباد سیمی بلیٹ ٹرین ، سکندرآباد تا نظام الدین پریمیم اے سی ٹرین اور ممبئی تا قاضی پیٹ ویکلی ایکسپریس شامل ہیں۔ آندھرا پردیش کے لئے وجئے واڑہ اور نئی دہلی کے درمیان اے پی ایکسپریس کا اعلان کیا گیا ۔ وشاکھا پٹنم تا چینائی ویکلی ایکسپریس اور یارادیپ تا وشاکھا پٹنم ایک اور ویکلی ایکسپریس دیگر دو ٹرینوں میں شامل ہیں ۔، وزیر ویلوے نے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں زیر التواء29ریلوے پراجکٹس20680کروڑ روپے لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس کے لئے ایک خصوصی نگران کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے پی کے سریواستو نے یہاں بتایا کہ پدا پلی اور نظام آباد کے درمیان ریلوے لائن بچھانے کا کام بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ یہ ان بڑے مطالبات میں شامل تھا جن پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں زور دیا تھا ۔ وزیر ریلوے نے تاہم قاضی پیٹ کوعلیحدہ ڈیویژن میں تبدیل کرنے تلنگانہ کے ایک اور بڑے مطالبہ کو نظر انداز کردیا ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو تقسیم کرنے کی کوئی تجویز پیش نہیں کی گئی جیسا کہ دونوں ریاستوں سے اس کامطالبہ کیاجارہا تھا۔ شمالی ساحلی آندھرا کے سوا ساؤتھ سنٹرل ریلوے دونوں ریاستوں کااحاطہ کرے گا۔

Seven new trains for Telangana, Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں