محکمہ ٹرانسپورٹ میں رشوت ستانی اور دھاندلیوں کا سدباب اولین ترجیح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

محکمہ ٹرانسپورٹ میں رشوت ستانی اور دھاندلیوں کا سدباب اولین ترجیح

محکمہ ٹرانسپورٹ میں رشوت ستانی اور دھاندلیوں کا سدباب اولین ترجیح ، خانگی ٹراویلس کی دھاندلیوں کو بھی ختم کیا جائے گا
خسارہ کا شکارمحکمہ آرٹی سی کی حالت بہتر بنائی جائے گی ، مسافرین کے تحفظ کے ممکنہ اقدامات، بیرون ریاست چلانے کے لئے جدید بسیں
تانڈور میں منعقدہ تہنیتی جلسہ سے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی۔ مہیندر ریڈی کا خطاب

ریاستی وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی نے کہاہیکہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں رشوت ستانی اور دھاندلیوں کا سدباب ان کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں کروڑہا روپیوں کے خسارہ میں چل رہے محکمہ آرٹی سی کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور اسے فائدہ مند محکمہ بنانے کی غرض سے مختلف درکار اقدامات کئے جائیں گے ۔ وہ گذشتہ دن یہاں ان کے اعزاز میں دی گئی عوامی تہنیتی تقریب میں شرکت کے بعد مقامی صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ ڈاکٹر پی۔ مہیندرریڈی جو کہ ریاستی اسمبلی میں حلقہ اسمبلی تانڈور کی نمائندگی کرتے ہیں نے زور دیکر کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے خانگی ٹراویلس کی دھاندلیوں اور من مانیوں اور پر روک لگائی جائے گی چاہے وہ کسی بھی بڑی شخصیت کی ملکیت کیوں نہ ہوں کیونکہ ماضی میں ایسے چندٹراویلس کی غلطیوں کے باعث ہی بسوں میں آگ لگنے کے واقعات رونماء ہوچکے ہیں وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں جہاں کہیں ضرورت ہوگی وہاں جدید بس ڈپوز قائم کئے جائیں گے اور جہاں بھی ضرورت ہوگی ان ڈپوز کوجدید بسیں دی جائیں گی اور حیدرآباد سے بیرون ریاست اور اندرون ریاست چلائی جانے والی بسوں کی بہتر حالت کو ترجیح دی جائے گی انہوں نے کہا کہ مسافرین کو بہترین اور آرام دہ سفر کے ساتھ ان کا مکمل تحفظ ہی آرٹی سی کی ترجیح ہوگی ریاستی وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے 10؍اضلاع کے کئی دور دراز مقامات تک سڑکوں کی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باعث وہاں کی عوام کو بس سفر کی سہولت دستیاب نہیں ہے تاہم ان تمام مقامات تک سڑکوں کی حالت بہتر بناکر عوام کو آرٹی سی بسوں کی سہولت دی جائے گی ۔قبل ازیں رکن اسمبلی تانڈور ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی وزیرٹرانسپورٹ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ تانڈور پہنچے تو ولیم مون اسکول چوراہا پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اورزبردست آتشبازی کی گئی کلاسک گارڈن میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں ریاستی وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی کو مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی تنظیموں ،ارکان بلدیہ ، ڈاکٹرس،سرکاری عہدیداروں ،خواتین تنظیموں اور مزدور تنظیموں کی جانب سے زبردست تہنیت پیش کی گئی اس موقع پر شہیدان تلنگانہ کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی منائی گئی ۔اس تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی نے کہاکہ ملک کی تمام چھوٹی ریاستوں میں تلنگانہ ریاست سب سے بڑی ہے اور تلنگانہ ریاست کی ترقی کے لئے انتخابات کے دؤران وزیر اعلیٰ کے سی آر نے جتنے بھی وعدے کئے تھے ان تمام پر مرحلہ وار سطح پر عمل آوری کی جائیگی تمام کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے مواضعات اور ٹاؤنس کی سڑکیں ٹھیک کی جائیں گی ساتھ ہی تمام بنیادی ضرورتوں کو پوراکیا جائے گااورزراعت اور پینے کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔
( جاری ہے اسی فائل میں )

وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہیندریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقارآباد کو ضلع ہیڈکوارٹر بنانے کے بعد اس کے اطراف و اکناف میں موجود مواضعات میں صنعتیں قائم کی جائیں گی ۔یہاں تانڈور میں میڈیکل کالج، انجنیرنگ کالج ، پی جی کالج ، پولی ٹیکنک، آئی ٹی آئی کے قیام کو ممکن بنانے کا بھی ڈاکٹر پی۔ مہیندر ریڈی نے اعلان کیا ۔ساتھ ہی وزیر ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا کہ تانڈور میں چونکہ پتھر اور سمنٹ کی صنعتیں موجود ہیں اسی لئے یہاں ایک ای ایس آئی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا اور تانڈور سے ممبئی ،تروپتی کے بشمول دیگر دوردراز مقامات تک آرٹی سی بسیں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تانڈور، وقارآباد اور پرگی بس ڈپوز کی حالت درست کی جائے گی اور انہیں درکار جدید بسیں بھی جاری کی جائیں گی ۔اس تہنیتی تقریب میں صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایوب خان ،ٹی آر ایس قائدین رنگاراؤ ، وجئے کمار، کرنم پرشوتم راؤ، عبدالرؤف، ارکان بلدیہ عبدالرزاق ،عبدالقوی، غلام مصطفی پٹیل ، عبدالسلیم ،سدرالہ سرینواس ،روی گوڑ، محمود خان، سیدزبیر پاشاہ،محمد امتیازاور دیگر بھی موجود تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں