وزیر اعظم - اڈوانی - سونیا گاندھی اور مرکزی وزراء کی حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-06

وزیر اعظم - اڈوانی - سونیا گاندھی اور مرکزی وزراء کی حلف برداری

PM-Modi-Advani-Sonia-take-oath
وزیر اعظم نریندر مودی ان کے متعدد کابینی رفقاء، صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی آج16ویں لوک سبھا کے ارکان کی حیثیت سے حلف لینے والے اولین قائدین میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے جو سفید لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔ میزوں کی تھپ تھپاہٹ کے بیچ بھگوان کے نام پر ہندی میں حلف لیا ۔ اس کے بعد سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی نے حلف لیا ۔ کئی مرکزی وزراء نے بھگوان کے نام پر ہندی میں حلف لیا ۔ جب کہ سشما سوراج ، اوما بھارتی،ہرش وردھن نے سنسکرت میں حلف لیا ۔ سونیا گاندھی اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے ہندی میں حلف لیا ۔ کئی وزراء نے اپنی ا پنی مادری زبان میں حلف لینے کو ترجیح دی ان میں بی وی سدانند گوڑا، اننت کمار ، اور جی جی ایم سدیشورا شامل تھے ، جنہوں نے کنٹری میں حلف لیا ۔ ایس سونووال نے آسامی زبان میں اور جوال اورام نے اڑیہ میں حلف لیا ۔ سینئر ارکان ارجن چرن سیٹھی(بیجو جنتادل) ‘ پی اے سنگما(این پی پی) اور بائرن سنگھ انگٹی(کانگریس) جنہیں صدر جمہوریہ نے حلف برداری کی کارروائی میں عبوری اسپیکر کی مدد کے لئے صدر نشینوں کے پیانل کی حیثیت سے تقرر کیا تھا ، وزیر اعظم مودی ، اڈوانی اور سونیا گاندھی کے حلف لینے کے بعد حلف لیا ۔ حلف برداری کے دوران سونیا گاندھی منیکا گاندھی کے درمیان سرد مہری نمایاں تھی ۔ دونوں نے قدرے پس و پیش کے ساتھ ایک دوسرے کا خیر مقدم کیا ۔ عبوری اسپیکر کمل ناتھ وہ واحد رکن تھے جنہوں نے کل حلف لیا تھا۔ گزشتہ3جون کو مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی موت کے بعد نئی لوک سبھا کا اجلاس پہلے ہی دن ملتوی کردیا گیا تھا ۔ حلف برداری کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے کمل ناتھ نے تمام ارکان بالخصوص نوتشکیل شدہ تلنگانہ اور مابقی آندھرا پردیش کے ارکان کا خیر مقدم کیا ۔ مجلس وزراء کے ارکان و نی انڈومان و نکو بار اور آندھرا پردیش کے ارکان کی حلف برداری کے بعد عبوری اسپیکر نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو ے گوڑے اور دو سابق ڈپٹی اسپیکرس کا ئر امنڈا اورایم تمبی دو رائے کو حلف لینے کے لئے بلایا ۔ مجلس وزراء کے ارکان کے حلف لینے تک وزیر اعظم ایوان میں موجود رہے ۔ لوک سبھا میں آج جشن کا ماحول دیکھا گیا ۔ ارکان روایتی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے اور کئی ارکان سروں پر شملے باندھے ہوئے تھے۔ ان ارکان نے اپنی مادری زبان میں حلف لیا ۔ دہلی کے تین ارکان پارلیمنٹ مہیش گیری، میناکشی لیکھی اور پرویش صاحب سنگھ ورما نے سنسکرت میں حلف لیا ۔ دیگر ارکان نے میتھیلی ، کونکنی ، گجراتی، آسامی ، اور انگریزی زبان میں حلف لیا ۔ بہار کے بی جے پی رکن کیرتی آزاد ، روایتی میتھیلی لباس اور شملہ پہنے ہوئے تھے ، جب کہ دو گجراتی ارکان پارلیمنٹ ڈی جئے سنگھ بھائی چوہان اور موہن بھائی، کلیان جی بھائی، کندریا روایتی گجراتی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔ کیرتی آزاد کے حلف لینے کے بعد انہوں نے پارٹی رفیق نیتا نندرائے کے حلف لینے کے بعد ان کے ساتھ گرمجوشی کے ساتھ معانقہ کیا۔ وزیر خوراک و امور صارفین رام ولاس پاسوان اگلی صف میں بیٹھے ہوئے تھے جب ان کے بھائی رامچندر پاسوان اور فرزند چراغ پاسوان نے حلف لیا تو انہوں نے پورے جوش کے ساتھ اپنی میز کو تھپتھپایا ۔ چراغ پاسوان سفید کرتا اور بلو جینس زیب تن کئے ہوئے تھے ۔ سابق بی جے پی رکن اور مرکزی معتمد داخلہ آر کے سنگھ، سابق مرکزی ایم ویرپا موئلی اور سدیپ بندوپادھیائے(ترنمول کانگریس)بیشتر نئے ارکان کو مبارکباد دیتے دیکھے گئے ۔ اداکاروں میں شتروگھن سنہا اور پریش راول نے ہندی میں حلف لیا ۔ دہلی کے ایم پی منوج تیواری( بی جے پی ) فی البدیہہ حلف لیا۔ جس پر ارکان نے زور دار تالیاں بجائیں ۔ ایل جے پی رکن ویا دیوی جنہوں نے ہندی میں حلف لیا ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اپنی عینک بھول آئی تھیں ۔ انہوں نے حلف نامہ پڑھنے کے لئے لوک سبھا کے اسٹاف کے پاس سے عینک مانگی ۔ نیشنل پیپلز پارٹی(این پی پی) کے پی اے سنگما بھی حلف لینے والے ارکان میں شامل تھے ۔ این ڈی اے حکومت کی مجلس وزراء کے بیشتر ارکان نے نئی لوک سبھا کے ارکان کی حیثیت سے حلف لیا ۔ وزیر آبی وسائل وگنگا تزئین نواومابھارتی نے سنسکرت میں حلف لیا ، شرومنی اکالی دل کی ہر سمراٹ کور نے جو وزیر فوڈ پراسسنگ انڈسٹریز ہیں ۔، پنجابی میں حلف لیا۔ منسٹر آف اسٹیٹ برائے قبائلی امور مان سکھ بھائی، دھنجی بھائی وسوانے گجراتی میں حلف لیا ۔ وزیر بہبودی خواتین اطفال مینکا گاندھی نے انگریزی میں حلف لیا ۔ 16ویں لوک سبھا میں پہلی بار رکن بننے والے ارکان کی تعداد315ہے ۔ 30برسوں میں ایسے ارکان کی یہ سب سے بڑی تعدا د ہے۔ ایوان کے منتخبہ جملہ ارکان کی تعداد543ہے جب کہ دو ارکان نامزد ہوتے ہیں۔

بیرسٹر اویسی کا’اللہ کے نام پر اردو میں حلف‘
نئی دہلی سے اعتماد نیوز کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے آج پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا ۔ عبوری اسپیکر کمل ناتھ نے بیرسٹر اویسی کا نام جیسے ہی لیا بیرسٹر اویسی نے ایوان کے درمیانی حصہ میں خصوصی طور پر نصب کئے گئے مائیک پر اردو میں اللہ کے نام پر رکنیت اور دستور سے وفاداری کا عہد لیا۔ بیرسٹر اویسی 2004میں14ویں لوک سبھا میں پہلی مرتبہ منتخب ہوئے تھے ۔ انہوں نے مسلسل تیسری مرتبہ منتخب ہوتے ہوئے ہیٹ ٹرک کی ہے۔ حیدرآباد کے پروقار پارلیمانی نشست پر مجلس اتحاد المسلمین1984ء سے مسلسل کامیاب ہوتی آرہی ہے ۔ مجلس کے مرحوم صدر الحاج سلطان صلاح الدین اویسی پہلی مرتبہ1984ء میں حیدرآباد سے منتخب ہوئے تھے ۔2004ء سے بیرسٹر اویسی نے مجلس کے اس تسلسل کو جاری رکھا ۔ بیرسٹر اویسی جب حلف لے رہے تھے تب ایوان میں موجود وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی انہیں بغور دیکھ رہے تھے ۔ حالیہ انتخابات میں بیرسٹر اویسی نے2لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔15ویں لوک سبھا میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے10سرکردہ ارکان میں وہ شامل رہے ۔ انہیں بہترین پارلیمنٹرین کی حیثیت سے ’’سنسد رتن‘‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔ سب سے زیادہ سوالات کے علاوہ مختلف موضوعات پر سب سے زیادہ مباحث کا بھی15ویں لوک سبھا میں انہیں اعزاز حاصل رہا ۔ ایم پی لاڈ فنڈ سے استفادہ کے علاوہ حاضری کے اعتبار سے بھی بیرسٹر اویسی کو شمار کارکرد پارلیمنٹرین میں کیاجاتا ہے ۔

PM Modi, Advani, Sonia take oath as Lok Sabha members

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں