شہر حیدرآباد میں گھنٹوں برقی مسدود - عوام کو سخت مشکلات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-30

شہر حیدرآباد میں گھنٹوں برقی مسدود - عوام کو سخت مشکلات


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jun-30

اعتماد نیوز
شہر حیدرآباد بالخصوص پرانا شہر کے کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے گھنٹوں برقی کٹوتی کی جارہی ہے جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گزشتہ4دن سے دن میں4تا5گھنٹے اچانک برقی مسدود کی جارہی ہے جس سے عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے ۔ برقی سربراہی کی موجودہ صورتحال پر عوام نے سخت برہمی کااظہار کیا ہے ۔ رمضان المبارک کے پہلے برقی کٹوتی سے عوام پریشان ہوگئے ہیں۔ شہر میں صبح دیڑھ گھنٹہ اور شام دیڑھ گھنٹہ برقی کٹوتی کا سلسلہ جاری ہے لیکن5تا6گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔ ماہ رمضان المبارک میں برقی سربراہی کو باقاعدہ بنانے کا مختلف عوامی و سیاسی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس میں مجلس اتحا دالمسلمین کی جانب سے اس مسئلہ پر بطور خاص حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی جس کے بعد حکومت نے یہ تیقن دیا تھا کہ ماہ رمضان میں برقی سربراہی کو موثر بنایا جائے گالیکن رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی جس طرح کا برقی بحران پیدا ہوگیا ہے اس سے عوام پریشان ہیں۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی برقی کی مسدودی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے کیونکہ رمضان سے پہلے ہی متعلقہ عہدیداروں سے بارہا شکایت کے باوجود بھی جس طرح کی لاپرواہی کی جارہی ہے اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ حکومت اس مسئلہ پر کتنی سنجیدہ ہے ۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائے ۔ پرانا شہر کے تاجرین نے بتایا کہ گزشتہ سال رمضان میں بھی برقی سربراہی سے متعلق کئی مسائل پیش آئے تھے جس سے ان کے کاروبار پر اثر پڑا تھا ۔ مقدس ماہ رمضان المبارک میں خصوصی عبادتوں کا اہتمام کیاجاتا ہے اگر برقی کی یہی صورتحال رہی تو پھر شدید گرمی میں روزہ دار بھی پریشان ہوسکتے ہیں اس لئے حکومت کو چاہئے کہ اس کا سخت نوٹ لے اور فوری برقی بحران سے نمٹنے کے لئے اقدامات کیے جائیں ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں