مغل پورہ میں لڑکیوں کے جونئر و ڈگری کالج کے قیام کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-26

مغل پورہ میں لڑکیوں کے جونئر و ڈگری کالج کے قیام کا اعلان


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-june-26

اعتماد نیوز
جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس اتحا د المسلمین لیجسلیچر پارٹی نے آئندہ5سال میں عشرت محل مغل پورہ میں لڑکیوں کے لئے جونیر و ڈگری کالج ، ویمن امپاورمنٹ سنٹر اور ایک لیگل سیل قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ساتھ ہی بنڈلہ گوڑہ میں ایک اسکول ، جونیر کالج ، ڈگری کالج اور ایک چھوٹا ہاسپٹل بھی تعمیرکیاجائے گا ۔ عنبر پیٹ میں جہاں عثمایہ ماڈل ہائی اسکول ہے وہاں بھی ایک گرلز جونئیر کالج کی عمارت کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ مذکورہ جونیئر اور ڈگری کالجس سالار ملت ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت قائم کئے جائیں گے ۔ اویسی اسکول آف ایکسیلنس نشیمن نگر تالاب کٹہ میں داخلوں کے لئے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مجلس و صدر نشین سالار ملت ایجوکشنل ٹرسٹ نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ نشیمن نگر میں اولین اسکول کی عمارت کی بنیاد رکھی گئی تھی اس وقت اس بات کا کسی کو یقین نہیں تھا کہ اس علاقہ میں7منزلہ وسیع و عریض عمارت تعمیر ہوگی اور اب تعلیمی انقلاب کی یہ عمارت نقیب بن گئی ہے کیونکہ اس عمارت کی تعمیر کے بعد جمال کالونی، ریاست نگر ، نرخی پھول باغ، حافظ بابا نگر میں بھی اویسی اسکول آف ایکسیلنس کی کروڑہا روپے کی لاگت سے ہمہ منزلہ و ہمہ مقصدی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ عنبر پیٹ میں بھی کامیابی کے ساتھ اسکول چلایاجارہا ہے ۔ پرانے شہر میں جتنے اسکولس ہیں ، ان اسکولس میں بلند ترین عمارتیں اویسی اسکول آف ایکسیلنس کی ہیں لیکن ہمارا مقصد صرف بلند عمارتیں تعمیرکرنا نہیں ہے بلکہ علم کے ذریعہ غریب مسلم بچوں کی تربیت اور ان کی شخصیت سازی پر توجہ دینا ہے تاکہ طلباء اپنے ارادوں کو بلند رکھیں اور قوم و ملت کا نام روشن کریں ۔ قائد مجلس نے کہا کہ جس وقت تالاب کٹہ میں اسکول شروع کیا گیا اس وقت داخلوں کے سلسلہ میں مساجد سے اعلان کروانا پڑتاتھا ۔ لیکن آج اسکول میں 1200بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ اویسی اسکول آف ایکسیلنس کی تمام شاخوں اور عنبر پیٹ میں واقع عثمانیہ ماڈل اسکول میں5ہزار سے زائد بچے بنیادی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ قائد مجلس نے کہا کہ ان کا مقصد پرانے شہر کے ہر گھر میں علم کی روشنی پہنچانا ہے ۔علم کے ذریعہ ہی جہالت کا خاتمہ ہوسکتا ہے اور ہم اپنی زندگی اور بستیوں میں خوشحالی لاسکتے ہیں ،۔ جس گھر میں علم کی روشنی نہیں ہے وہ گھر ہمیشہ اندھیروں کی نذر ہوجاتا ہے ۔ علم کے ذریعہ ہی دنیا کے تمام چیالنجس کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے ۔ جناب اکبر الدین اویسی نے کہا کہ صرف تعلیم سے اولاد کی مکمل تربیت ناممکن ہے اس لئے اولاد کو قابل، نیک اور صالح بنانے کے لئے گھر کا ماحول اور والدین کا عمل و کردار بھی اچھا ہونا چاہئے ۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں