مسلمان مایوس ہونے کی بجائے صلاحیتوں کا لوہا منوائیں - حیدرآبادی آئی اے ایس ٹاپر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-14

مسلمان مایوس ہونے کی بجائے صلاحیتوں کا لوہا منوائیں - حیدرآبادی آئی اے ایس ٹاپر

mohd-musharraf-ali-farooqi hyderabad IAS topper
اپنے مقصد میں کامیابی کیلئے پورے انہماک سے جستجو اور سچی لگن ضروری ہے ۔ اگر نا امیدی رہی تو کامیابی میں رکاوٹ بن سکتی ہے ۔ سچا جذبہ اور ہمت سے کام لیا جائے تو اللہ رب العزت کی مدد یقیناً اپنے مقصد میں کامیاب کردیتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار آئی اے ایس ٹاپر محمد مشرف علی فاروقی نے کیا ۔ آج ملک بھر میں یو پی ایس سی نتائج کا اعلان کردیا گیا جس میں حیدرآباد کے سپوت محمد مشرف علی فاروقی (رینک: 80) نے ریاست میں تیسرا اور ملک میں 100 ٹاپرس میں مقام حاصل کرلیا۔
ابتدائی تعلیم حیدرآباد میں حاصل کرنے والے نوجوان نے اختیاری مضمون الیکٹریکل انجینئرنگ سے کارنامہ کردکھایا۔ سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کسی کیلئے اس کے مقصد میں کامیابی کیلئے کوئی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی بلکہ سچا جذبہ ہونا چاہئے ۔ ناامیدی کو کفر قرار دیا گیا ہے اور نا امیدی کے سبب کامیابی مشکل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو سب سے پہلے اپنے اندر کے خوف کو نکالنا ہوگا جو ناامیدی کا سبب ہے جو قوم کو کمزور کرتا جارہا ہے۔ انہوں نے اس بات کو بے بنیاد قراردیا کہ مسلمانوں کو نمائندگی کا موقع نہیں ملتا اور انکے ساتھ امتیاز ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دراصل مسلمان اپنی صلاحیت منوانے کی کوشش نہیں کرتے ۔ ملکی نظام میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو قابلیت میں رکاوٹ بن سکے بلکہ ہمیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہوگا ۔

انہوں نے مسلم نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ خود کے فائدہ کی سوچ کو بدلیں اور قوم و ملت کی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کریں۔ بیرون ممالک میں روزگار اچھی تنخواہیں صرف اپنے خاندان اور خود کو فائدہ پہونچا سکتی ہیں لیکن ملک کے سرکاری ڈھانچہ میں شامل ہوکر پوری قوم کی تعمیر میں رول ادا کیا جاسکتا ہے۔
محمد مشرف علی فاروقی نے کہا کہ موجودہ دور میں ہر سطح پر ملک کو مسلمانوں کے تعاون کی ضرورت ہے اور یہ کام مسلمانوں کو فرض کے طور پر کرنا چاہئے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج مسلمانوں کے اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں سے انکے مستقبل کے بارے میں دریافت کیا تو ہر کوئی بیرون ملک جانا چاہتا ہے یہاں ملک میں مسابقت کیلئے کوئی تیار نہیں ۔
شہر کے مصروف علاقہ حیدر گوڑہ سے تعلق رکھنے والے محمد مشرف علی فاروقی ڈپٹی کمشنر اکسائز حیدرآباد محمد مرتضی علی فاروقی کے فرزند ہیں ۔ مشرف نے اپنی پرائمری تعلیم رام کوٹ کے ایک خانگی اسکول سے حاصل کی اور انٹرمیڈیٹ نارائن گوڑہ کے ایک خانگی کالج سے کیا اور انجینئرنگ کی چار سالہ تعلیم مفخم جاہ انجینئرنگ کالج سے مکمل کی جہاں وہ ٹاپر تھے۔ بیچلر آف انجینئرنگ کی تکمیل کے بعد انہوں نے ماسٹرس آئی آئی ٹی مدارس سے کیا اور "انٹیل" کمپنی میں ماہانہ دیڑھ لاکھ تنخواہ پر ملازم ہوئے۔ تاہم مشرف اس ملازمت سے مطمئن نہیں تھے پھر انہوں نے آئی اے ایس کی تیاری شروع کردی۔ ان کے اس مقصد میں والدہ ان کے ساتھ رہیں اور والد اور بہنوں کا بھی بڑا تعاون رہا ۔ ان کی تین بہنیں ہیں ۔ مشرف ہر روز 8 تا 10 گھنٹے تعلیم میں مصروف رہتے فجر کی نماز کے ساتھ وہ اپنی پڑھائی کا آغاز کر دیتے۔
آج نتائج کے اعلان پر ان کے گھر میں خوشی کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ مبارکباد دینے والوں کی بھیڑ مکان پر جمع ہو گئی ۔
محمد مشرف علی فاروقی کے والد کا تعلق ضلع محبوب نگر سے ہے اور ان کے دادا معروف وکیل مسعود علی فاروقی ہیں ۔ ان کے نانا ضلع کرنول کی معروف سیاسی شخصیت ایس بی نبی صاحب تھے۔
محمد مشرف علی فاروقی کا کہنا ہے کہ وہ تلنگانہ کیڈر کو اہمیت دیں گے ۔ انکا عزم ہے کہ وہ کے ہر طبقہ کے ساتھ انصاف کریں گے اور کامیاب آئی اے ایس آفیسر کی طرح اپنا اور حیدرآباد کا نام روشن کریں گے۔

Hyderabad IAS Topper Md. Musharraf Ali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں