وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ - 6 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ - 6 ہلاک

پشاور
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
پاکسان کے قبائلی شمالی وزیرستان کے علاقہ میں جہاں فوج نے طالبان کے خلاف جارحانہ مہم شروع کی ہے ، امریکی ڈرون حملہ میں کم از کم6عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ انٹلیجنس ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی ڈرون حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں ہوا ہے ، جہاں پر ایک مکان اور گاڑی کو نشانہ بنایاگیا ۔ یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب کہ شمالی وزیرستان پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب پہلے ہی جاری ہے ۔ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ واضح رہے کہ رواں مہینے پاکستان کے قبائلی علاقہ وزیرستان میں یہ تیسرا ڈرون حملہ ہے ۔ اس سے قبل ہونے والے دو ڈرون حملوں میں کم سے کم سولہ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوئے تھے ۔11جون کو ہونے والے ان دو مختلف ڈرون حملوں میں غیر ملکی شدت پسند بھی ہلاک ہوئے تھے ۔ پاکستان کے قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں چونکہ فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کررکھی ہے اس وجہ سے انتظامیہ نے کرفیو میں نرمی کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ انتظایہ کی جانب سے میر علی اور رزمک کے علاقوں میں رہائش پذیر قبائلی افراد ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر علاقہ خالی کردیں ۔ اس کے بعد لوگوں نے علاقے سے نقل مکانی شروع کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کرفیو میں نرمی کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد گاڑیوں کے ذریعہ علاقہ چھوڑ کر جارہے ہیں۔دریں اثناء اسلام آباد سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب نشیب و فراز سے بھرے شمالی وزیرستان میں ملکی اور غیر ملکی جنگجوؤں کے خلاف پاکستانی فوج کی بری اور فضائی کاروائی کے تعلق سے تجزیہ کاروں کا خیال یہ ہے کہ موسوم بہ ضرب عضب اس فوجی کارروائی میں پاکستانی فوج کو اصل آزمائش کا سامنا اس وقت ہوگا جب طالبان کے آتشیں فدائی ملک کے ہموار علاقوں میں جوابی کارروائی پر اتریں گے ۔ شمالی وزیرستان پاکستان کا قبائلی علاقہ ہے جہاں طالبانی جنگجوؤں نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں ۔ آج صبح اس علاقے میں ایک امریکی ڈرون حملے میں کم سے کم چھ مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ فوجی ذرائع کے مطابق ابھی تک فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور بری فوجی کارروائی آئندہ ہفتے کے دوران شروع کی جاسکتی ہے ۔ فوجی کارروائی کے نئے مرحلے کے لئے توپخانوں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کو بھی استعمال کیاجائے گا ۔ پاکستانی دفاعی تجزیہ کار امتیاز گل کا خیال ہے کہ فوجی کارروائی کے دوران مصدقہ اور مکمل معلومات کے حوالے سے سب سے اہم آزمائش کا سامنا انٹلیجنس کو ہوگا ۔ پاکستانی فوج کو ایک ایسے متحرک دشمن کا سامنا ہے جو ا پنے اس علاقے میں کبھی ایک مقام پر سر اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کبھی کسی اور مقام سے اور یہ دشمن انتہائی دباؤ کے دوران بھی اپنے آپ کو متحرک رکھنے کی قوت کا حامل ہے ۔

US drones strike in North Waziristan, kill 6 'militants'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں