بدایوں میں لڑکیوں کی عصمت ریز ی اور قتل پر اقوام متحدہ کی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-03

بدایوں میں لڑکیوں کی عصمت ریز ی اور قتل پر اقوام متحدہ کی مذمت

اقوام متحدہ نے ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں گزشتہ ہفتہ دو کم عمر لڑکیوں کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کی مذمت کی اور خاطیوں کے خلاف طوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں ہندوستان بھر میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات پر زور دیا ہے۔ ہندوستان میں اقوام متحدہ کے ریسیڈنٹ کو آرڈینیٹر لیس گرانڈ ے نے کہا کہ 2کم عمر لڑکیوں کے خاندان والوں کے ساتھ اور ان تمام خواتین اور لڑکیوں جن کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے جنہیں ہندوستان کے دیہی علاقوں میں نشانہ بنایا جاتا ہے اور عصمت ریزی کی جاتی ہے، کے ساتھ انصاف کیاجانا چاہئے ۔، انہوں نے کہا کہ خواتین پر مظالم خواتین کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بانکی مون نے ہندوستان اور پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت تک حقیقی امن اور خوشحالی نہیں ملے گی اگر آبادی کے نصف حصہ کے ساتھ امتیاز یا استحصال کیا جائے ۔ اسی دوران امریکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سمیت دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد پر توجہ مرکوز کردی گئی ہے۔ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر سے خواتین پر ہونے والے تشدد کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے جن میں نائیجیریا میں200سے زائد طالبات کا اغوا پاکستان میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون کا سرعام قتل ، جنگ زدہ علاقوں سے بھی خواتین کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتیوں کے خبریں سامنے آتی رہتی ہیں ۔ عالی ادارہ صحت نے اس صورتحال کو ایک وبا قرار دیا ہے اور ادارے کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک خاتون کو اپنے شوہر یا کسی مرد کی جانب سے جنسی یا جسمانی تشدد کا سامنا ہوسکتا ہے ،۔ تاہم خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظمیں ناامید نہیں ہیں ، انہیں یقین ہے کہ صورتحال بہتر ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داری کو سمجھ رہی ہیں اور اقدامات بھی کررہی ہیں۔

UN condemns Badaun rape, murder and calls for justice

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں