تلنگانہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-28

تلنگانہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے

حیدرآباد
ایس این بی
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پی لکشمیا نے ٹی آر ایس کے حق میں وفاداریاں تبدیل کرنے والے کانگریسی ارکان قانون ساز کونسل کے اقدا کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ہرگز ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہم خود غرضانہ مفادات کی تکمیل کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو روک نہیں سکتے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشمیا نے کہا کہ طویل عرصہ تک کانگریس پارٹی کے عہدوں سے فائدے حاصل کرنے والے قائدین نے پارٹی کو چھوڑ کر ٹی آر ایس کے حق میں وفاداریاں تبدیل کی ہیں اگرچیکہ انہیں روکنے میں ناکام رہا ۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ان قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اس وقت تمام نے ان کی تائید کی اب جب کہ وہ کانگریس چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہوئے ہیں تو عوام ان پر تنقید کریں گے ۔ پونالہ لکشمیا نے اس بات کی یاددہانی کرائی کہ وہ پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کی وہ اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار قائد کی حیثیت سے میں اس اس بات کی کوشش کروں گا کہ پارٹی کو تمام محاذوں پر مستحکم کیاجاسکے ۔ صدر تلنگانہ کانگریس نے کہا کہ بہت جلد پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغا ز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پارٹی جلد ہی بنگاروتلنگانہ ویب سائٹ شروع کرے گی ۔ لکشمیا نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے لئے حکومت نے جو وعدہ کیا ہے اسے اس کی تکمیل کرنی چاہئے اور بحیثیت اپوزیشن ہم اس سلسلہ میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ لکشمیا نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ11ہزار کرڑ روپے مالیت صنعتیں تلنگانہ سے آندھرا پردیش کی طرف رخ کررہی ہیں اور بڑے تاجرین و صنعتکار آندھرا پردیش کے دارالحکومت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔ اور اگر حکومت تلنگانہ اسے روکنے میں ناکام ہوگی تو یہ تلنگانہ ریاست کے لئے بہت بڑا نقصان ہوگا۔ لکشمیا نے وزیر اعلیٰ کے سی آر سے اپیل کی کہ وہ ریاست تلنگانہ میں صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے اور انہیں اعتماد میں لیتے ہوئے ان کے لئے سازگار ماحول فراہم کیاجائے ۔ لکشمیا نے مشرقی گوداوری میں پیش آئے سانحہ پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

Telangana state favorable environment for investment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں