مشرقی گوداوری پائپ لائن دھماکہ - وزیر اعلیٰ نائیڈو کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-28

مشرقی گوداوری پائپ لائن دھماکہ - وزیر اعلیٰ نائیڈو کا دورہ

راجمندری
پی ٹی آئی
اے پی کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے ضلع مشرقی گوداوری میں پائپ لائن دھماکہ اور آتشزدگی کے مقام کا دورہ کیا۔ اس حادثہ میں پندرہ افراد ہلاک ہوگئے ۔ چندرا بابو نائیڈو جو دہلی میں تھے اپنا دورہ مختصر کرکے ریاست کو واپس ہوئے اور ناگارم موضع پہنچ گئے جہاں گیاس اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ کی گیاس پائپ لائن میں آج صبح زبردست دھماکہ کے بعد بھیانک آتشزدگی میں پندرہ افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو اور دھرمیندر پردھان نے مقام واقعہ کا معائنہ کرنے کے بعد متعلقہ عہدیداروں اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی ۔، اس کے بعد انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی جنہیں علاج کے لئے مختلف دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پائپ لائن میں دھماکہ کے ساتھ ہی مہیب شعلے بھڑک اٹھے اور دیکھتے ہی دیکھتے ناگارم موضع میں آس پاس کے مکانات اور ناریل کے درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ جب تک بجھائی جاتی تب تک تباہی و بربادی کی ایک داستان رقم ہوچکی تھی۔ آتشزدگی میں ناریل کے درختوں کی بڑی تعداد جل کر خاکستر ہوگئی۔ نئی دہلی سے پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو اطلاع ملتے ہی اپنا دورہ دہلی مختصر کر کے راجمندری روانہ ہوگئے ۔ حکومت آندھرا پردیش کے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ۔ کہ چیف منسٹر نے اپنا دورہ مختصر کردیا ہے اور وہ دوپہر میں خصوصی طیارے کے ذریعہ وزیر تیل دھرمیندر پردھان کے ہراہ راجمندری روانہ ہوگئے ہیں ۔ طیارہ میں سوار ہونے سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صبح ہی میں واقعہ کی اطلاع ملی اور وہ ضلع کلکٹر کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ بچاؤ اور راحت کاری اقدامات روبہ عمل لائے جاسکیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور ضروری اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کسی عہدیدار یا عہدیداروں کی لاپرواہی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔چندرابابو نائیڈو کا دورہ دہلی مختصر ہوجانے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء کے ساتھ ان کی ملاقاتیں منسوخ ہوگئی ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ وہ نریندر مودی کے دورہ سری ہری کوٹہ کے موقع پر ان سے ملاقات کرکے آندھرا پردیش کی تنظیم جدید ایکٹ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ چندرا بابونائیڈو کل شام دہلی پہنچے تھے اور دہلی میں کئی مرکزی وزراء کے ساتھ ان کی ملاقاتیں مقرر تھیں تاکہ آندھرا پردیش کے لئے مختلف پراجکٹس پر بات چیت کی جاسکے ۔ اسی دوران مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے مشرقی گوداوری المیہ پر گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے ارکان خاندان کے لئے تعزیتی پیام روانہ کیا۔

GAIL pipeline fire: Chandrababu Naidu inspects site

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں