سشما سوراج کی بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-28

سشما سوراج کی بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا سے ملاقات

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یہاں بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے صدر خالدہ ضیاء سے ملاقات کی ۔ سشما سوراج نے کل اس ملک کے سرکردہ قائدین بشمول وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی تھی ، اور اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب اے ایچ محمود علی کے ساتھ وفود کی سطح کی بات چیت کی تھی ۔ انہوں نے آج خالدہ ضیاء سے ان کے ہوٹل میں تقریباً نصف گھنٹہ تک بات چیت کی ۔ ہندوستانی عہدیداروں نے اس ملاقات کو رسمی ملاقات قرار دیا ہے ۔ بنگلہ دیشی معاشرہ کے تمام گوشوں تک رسائی حاصل کرنے حکومت ہند کی کوششوں کے پس منظر میں وزیر خارجہ نے خالدہ ضیاء سے یہ ملاقات کی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد اپنے پہلے سرکاری بیرونی دورہ کے موقع پر یہاں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے بی این پی کے صدر نشین نے ملاقات نہیں کی تھی ۔ خالدہ ضیاء کی پارٹی نے اس وقت کہا تھا کہ وہ جماعت اسلامی کی دوروزہ عام ہڑتال کے پیش نظر پرنب مکرجی کے ساتھ اپنی ملاقات منسوخ کررہی ہیں۔ بی این پی کی حلیف جماعت اسلامی نے بنگلہ دیش کی جنگ آزادی(1971) کے دوران جنگی جراء کے سلسلہ میں بنیاد پرست قائدین پر مقدمہ کو روکنے کے لئے اس ہڑتال کی اپیل کی تھی۔ ایک اور اطلاع کے مطابق سشما سوراج نے ڈھاکہ کے مشہور دھاکیشوری مندر کا دورہ کیا اور کہا کہ اس کے ساتھ ہی ان کے کامیاب دورہبنگلہ دیش کا اختتام عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے صدیوں قدیم مندر میں پوجا کے بعد ہندو قائدین کو بتایا کہ میں نے ہند۔ بنگلہ دیش دونوں کی خوشحالی کے لئے پرارتھنا کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دورہ بنگلہ دیش کے شیڈول کو قطعیت دیے جانے کے ساتھ ہی انہوں نے مندر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب پوجا کرنے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ میرا دورہ مکمل اور کامیاب ہوچکا ہے ۔ سشما سوراج نے مندر میں تقریباً نصف گھنٹہ گزارا ۔ اس موقع پر معتمد خارجہ سشما سنگھ اور ہائی کمشنر پنکج سرن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ایک اور اطلاع کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہندوستان واپسی سے قبل بنگلہ دیش کے سابق صدر ارشاد حسین کی اہلیہ اور اپوزیشن جاتیا پارٹی کے لیڈر روشن ارشاد سے بھی ملاقات کی ۔ یہ ملاقات تقریباً 45منٹ تک جاری رہی۔ دونوں قائدین نے بند کمرے میں بات چیت کی ۔ سشما سوراج نے روشن ارشاد سے بھی بات چیت کی جنہوں نے پارلیمنٹ کی تاریخی عمارت میں ان کا خیر مقدم کیا تھا۔1961میں پاکستان کے اس وقت کے صدر ایوب خان نے پارلیمنٹ کی عمارت جاتیو سنگ سدبھون کی تعمیر شروع کی تھی تاکہ اسے مغربی اور سابق مشرقی پاکستان جواب بنگلہ بن چکا ہے کے لئے وفاقی اسمبلی کی مستقل عمارت بنایاجاسکے تاہم اس عمارت کی تعمیر بنگلہ دیش کی جنگ آزادی جو1971میں شرو ع ہوئی تھی کہ جنوری1982میں آزادی ملنے پر اختتام کے بعد ہی مکمل ہوسکی تھی ۔
ہند۔بنگلہ دیش سفارت کاری میں آج دوسرے دن بھی ساڑی نے اہم رول ادا کیا ۔ سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء نے وزیر خارجہ سشما سوراج کو دو جامدانی ساڑیوں کا تحفہ دیا ۔ ہندوستانی قائد نے گزشتہ روز وزیر اعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ کے ساتھ ساڑیوں کا تبادلہ کیا تھا ۔ خالدہ ضیاء کے پریس سکریٹری معروف کمال سہیل نے بتایا کہ خالدہ ضیاء نے ہندوستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے موقع پر انہیں دو ساڑیوں کا تحفہ دیا ۔ ایک ساڑی ان کے لئے اور ایک ساڑی ان کی دختر کے لئے بطور تحفہ پیش کی گئی ۔ سشما سوراج نے کل شیخ حسینہ کو کریم کلر کی ساڑی کا تحفہ دیا تھا، جنہوں نے سشما کو بنگلہ دیش کی مشہور جامدانی ساڑی تحفہ میں دی تھی۔

Sushma Swaraj meets BNP chief Khaleda Zia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں