کے سی آر کو مرکز سے تصادم کے خلاف انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-01

کے سی آر کو مرکز سے تصادم کے خلاف انتباہ

مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیانائیڈو نے تلنگانہ کی نامزدٹی آر ایس حکومت کو جو2جون سے علاقائی حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے والی ہے ، مرکز سے تصادم کی راہ اختیار کرنے کے خلاف انتباہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کو تلنگانہ کی ترقی کے لئے مل جل کر کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے نے بتایاکہ انتخابات کی تکمیل کے ساتھ ہی سیاست کا وقت ختم ہوچکا ہے ۔ ہمیں اب نئی ریاست کی ترقی کے لئے ہاتھ ملا لینا چاہئے ۔ وینکیا نائیڈو یہاں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا ریاستوں کے درمیان باہمی تعاون بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا مرکز کے ساتھ تعاون ناگریز ہے ۔ دونوں ریاستو کے چیف منسٹرس کو چاہئے کہ وہ تمام متنازعہ مسائل پر مل بیٹھ کر بات چیت کریں اور انہیں حل کریں ۔ دوسری طرف مرکز دونوں ریاستوں کی بلا امتیاز ترقی کے لئے مکمل تعاون کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر تلنگانہ کے نامزد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو انتباہ دیا کہ وہ علاقائی مخاصمت کو ہوا دینے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد علاقائی جذبات بھڑکاتے ہوئے عوام میں اندیشے پیدا کررہے ہیں بالخصوص حیدرآباد میں سیما آندھرا کے شہریوں مین اپنے تحفظ کے تعلق سے اندیشہ پائے جاتے ہیں۔ا نہوں ںے کہا کہ اس شہر میں نہ صڑف سیما آندھرا بلکہ ملک کے کئی مقامات کے شہری ہم آہنگی کے ساتھ رہتے بستے آئے ہیں ۔ ہم ایک ملک اور ایک قوم ہیں ۔ کسی کو بھی علاقائی جذبات نہیں بھڑکانے چاہئیں ۔ وینکیا نائیڈو ٹی آڑ ایس قائدین کے حالیہ بیانات کا حوالہ دے رہے تھے جس میں سیما آندھرا کے سرکاری ملازمین کو اپنے آبائی مقام لوٹ جانے کے لئے کہا گیا ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ملازمین کی تقسیم مروجہ ضابطوں کے تحت ہوگی۔اس سلسلہ میں رہنمایانہ ہدایات موجود ہیں اور ضروری احکام آج جاری کردئیے جائیں گے ۔ وینکیا نائیڈو نے زور دے کر کہا کہ صرف بی جے پی کی کوششوں کے باعث علیحدہ تلنگانہ کا خواب حقیقت بن پایا ہے کیونکہ ہم نے ہمیشہ تلنگانہ کی تائید کی تاہم کانگریس نے مودی لہر کے خوف سے علیحدہ تلنگانہ کا اعلان کردیا اس کے باوجود اسے کوئی فائدہ نہیں ملا ۔ وینکیا نائیڈو مرکز میں اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد آج پہلی مرتبہ حیدرآباد پہنچے ۔ بیگم پیٹ ایر پورٹ پر بی جے پی قائدین اور کارکنوں نے والہانہ خیر مقدم کیا اور ایک جلوس کی شکل میں انہیں لے کر پارٹی دفتر پہنچے ۔ مرکزی وزیر نے ریمارک کیا کہ جب مجھے مرکزی کابینہ میں جگہ کی پیشکش کی تو مجھے زیادہ خوشی محسوس نہیں ہوئی کیونکہ میرا دل ہمیشہ پارٹی میں لگا رہتا ہے ۔ پارٹی میں ہی میرا سیاسی جنم ہوا اور پارٹی میں رہ کر ہی اعلی عہدوں تک پہ نچا ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ مجھے پارٹی کی خدمت کرنے میں زیادہ دلچسپی ہے ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ سکندرآباد بنڈارودتاتریہ رکن پارلیمنٹ وشاکھا پٹنم کے ہری بابو اور کئی سینئر قائدین بھی موجود تھے ۔

Stop Confrontation with Centre, Venkaiah Tells KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں