تلنگانہ میں آج رات سے صدر راج برخاست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-01

تلنگانہ میں آج رات سے صدر راج برخاست

متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ یکم جون کی درمیانی شب 2ریاستیں تلنگانہ اور آندھرا پردیش(سیما آندھرا) عالم وجود میں آجائیں گی ۔ گورنر نے کہا کہ یکم جون کی درمیانی شب ریاست تلنگانہ سے صدر راج ختم ہوجائے گا اور 2جون کی صبح ملک کے29ویں ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے وہ چندر شیکھر راؤ کو حلف دلائیں گے ۔ چیف منسٹر کی حلف برداری سے قبل بحیثیت گورنر تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہم خود بھی حلف لیں گے ۔ گورنر نرسمہن آج راج بھون کے دربار ہال میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم کے امور کو اطمینان بخش قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں گے ۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں یکم جون کی درمیانی شب جب کہ آندھرا پردیش (سیما آندھرا) میں8جون کو صدر راج ختم ہوجائے گا ۔ اسی دان آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے چندرا بابو نائیڈو کو وہ حلف دلائیں گے ۔ گورنر نے بتایا کہ وہ کل دہلی میں تھے جہاں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی ۔ انہوں ںے وزیر اعظم کے ساتھ اپنی نصف گھنٹہ کی ملاقات کو انتہائی خیر سگالی قرار دیا اور کہا کہ اس ملاقات میں انہوں نے ریاست کی تقسیم کے معاملات سے واقف کرایا ۔ وزیر اعظم نے ان کی گفتگو کی بغور سماعت کی اور جہاں کہیں وضاحت کی ضرورت محسوس کی استفسارات بھی کئے۔ گورنر نے کہا کہ وہ2جون کی صبح6;30بجے راج بھون میں گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ اور8:15بجے چندر شیکھر راؤ کو تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے مختلف امور سے جس طرح نمٹاگیا وہ اطمینان بخش ہے، اس لئے کہ دونوں ریاستوں سے انصاف کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔انہوں نے یہ توقع کی کہ دونوں ریاستوں کی منتخبہ حکومتیں ویژن اور مشن(تدبر و مقصدیت) کے ساتھ صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کریں گے ۔ گورنر نے یہ بات واضح کی کہ حیدرآباد ، حکومت تلنگانہ کے تحت ہوگا حالانکہ اسے دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت بنایا گیا ہے ۔ نظم و ضبط کی صورتحال ، شہر میں سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے سلسلہ میں گورنر کی حیثیت سے انہیں جو اختیارات دئیے گئے ہیں اس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان معاملات میں ان کا راست کوئی دخل نہیں ہوگا ۔ حیدرآباد، سائبر آباد پولیس کمشنرس کے تقرر و تبدیلیوں کا اختیار حکومت تلنگانہ کو ہگا۔ استثنائی صورتال میں گورنر کی حیثیت سے وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنے اختیارات استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے ۔ پولاورم پراجکٹ اور ضلع کھمم کے7منڈلس کے تحت200سے زائد مواضعات کے آندھرا میں ضم کئے جانے سے متعلق ایک سوال پر گورنر نے کہا کہ اس خصوص میں مرکزی حکومت نے آرڈیننس جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات کے آندھرا میں انضمام کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے ۔ مقامی رکن اسمبلی سونم راجیابرت رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس رکن اسمبلی کو برت ختم کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے ۔

President’s rule to be revoked in Telangana tonight

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں