تلنگانہ اور آندھرا کے درمیان اہم عمارتوں کی تقسیم مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-01

تلنگانہ اور آندھرا کے درمیان اہم عمارتوں کی تقسیم مکمل

تلنگانہ کی تشکیل کے لئے اب جب کہ دو دن باقی رہ گئے ہیں، حکومت آندھرا پردیش نے دونوں ریاستوں کے لئے مختلف عمارتوں کی تقسیم عمل میں لائی ۔ ان میں ریاستی قانون ساز اسمبلی قانون ساز کونسل اور سکرریٹریٹ وغیرہ شامل ہیں۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کے جاری کردہ جی او کے بموجب اسمبلی کی جدید عمارت تلنگانہ کے لئے مختص کردی گئی جب کہ اسمبلی کی قدیم عمارت آندھرا کو دے دی گئی ہے ۔ قانون ساز کونسل کی موجودہ عمارت ، ریاست آندھرا پردیش کو دی گئی جب کہ اس سے متصل جوبلی ہال، تلنگانہ کے حصہ میں آیا ہے ۔ چیف منسٹر کا موجودہ کیمپ آفس جو بیگم پیٹ میں واقع ہے ، تلنگانہ کو مختص کیا گیا ہے ۔ یہ کیمپ آفس آنجہانی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے بیگم پیٹ میں تعمیر کرایا تھا ۔ راج بھون روڈ پر وسیع و عریض لیک ویو گیسٹ ہاؤز کو جو نظام دور میں تعمیر کیا گیا تھا ، چیف منسٹر آندھرا پردیش کے لئے کیمپ آفس کم رہائش گاہ کے طور پر مختص کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لئے2جون یوم تاسیس مقرر کیا گیا ہے ۔ اس تاریخ کو دونوں ریاستیں علیحدہ ہوجائیں گی ۔ اسی دن سے حیدرآباد(گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا علاقہ) دونوں ریاستوں ،تلنگانہ اور آندھرا پردیش کا آئندہ10برسوں تک مشترکہ دارالحکومت ہوگا۔ آندھرا پردیش سکریٹریٹ کی موجودہ عمارت میں مختلف بلاکس بھی دونوں ریاستوں کے درمیان تقسیم کردیے گئے ہیں تاکہ دونوں حکومتوں کا نظم و نسق چلایاجاسکے ۔ سکریٹریٹ کے اے ، بی ،سی اور ڈی بلاکس تلنگانہ کو مختص کیے گئے ہیں جب کہ ایل ، جے شمالی ایچ ، جنوبی ایچ اور کے بلاکس آندھرا پردیش کو دیے گئے ہیں ۔ غیر منقسم آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کا دفتر سی بلاک میں موجود تھا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دفتر ساؤتھ ایچک بلاک کے بجائے ایل بلاک کی آٹھویں منزل پر ہوگا جہاں تعمیر و مرمت اور تزئین کے کام تیزی سے جاری ہیں ۔ اسی دوران نمائندہ منصف کے بموجب وراڈ نمبر12بنجارہ بلز پر واقع کوارٹر نمبر1تا15تلنگانہ وزراء کی قیامگاہوں کے طور پر استعمال ہوں گے اور کوارٹر نمبر16تا30آندھرا پردیش کے وزراء کی قیامگاہوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ارکان اسمبلی کے لئے آدرش نگر میں بلاکس11تا19اور20تا23اور حیدرگوڑہ میں واقع ہمہ منزلہ بلاک آندھراپردیش کے ارکان مقننہ کو مختص کیے گئے ہیں جب کہ آدرش نگر کے ہی ایک تا10بلاکس اور ڈاکٹرس کو ارٹرس کے24ویں بلاک کو تلنگانہ ارکان مقننہ کے لئے مختص کیا گیا ہے ۔

Andhra Pradesh bifurcation: Government completes division of physical assets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں