سیکوریٹی کسی کی خواہشات کے مطابق نہیں دی جاتی - حکومت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-03

سیکوریٹی کسی کی خواہشات کے مطابق نہیں دی جاتی - حکومت

پرینکا گاندھی کی جانب سے ایس پی جی سے اس درخواست کے تناظر میں کہ وہ ان کے خاندان کو سیکوریٹی جانچ پڑتال سے دئے گئے استثنیٰ کو واپس لے لے ، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے آج یہ جاننا چاہا کہ پرینکا کیوں فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں کیونکہ سیکوریٹی کسی کی خواہشات پر منحصر نہیں ہوتی ۔ رجیجو نے یہاں کسی کا نام لئے بغیر نامہ نگاروں کوبتایا کہ سیکوریٹی امورکو سیاسی رنگ نہیں دیاجانا چاہئے ۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کوئی کیوں فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ سیکوریٹی کسی شخص کی خواہشات کے مطابق نہیں دی جاتی ۔ وہ پرینکا گاندھی کی جانب سے ایس پی جی سربراہ کو تحریر کردہ مکتوب کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے ، جس میں پرینکا نے ایس پی جی سے کہا ہے کہ انہیں اور ان کے کاندان کو ایئر پورٹ پر نارمل سیکوریٹی سے دئیے گئے استثنیٰ کو واپس لیا جائے ۔ پرینکا نے یہ درخواست ان اطلاعات کے پیش نظر کی ہے کہ حکومت ان کے شوہر رابرٹ وڈرا کو دی گئی یہ سہولت واپس لینا چاہتی ہے۔ رجیجو نے کہا کہ یہ فیصلہ سیکوریٹی ایجنسیز پر چھوڑ دینا چاہئے ۔ پرینکا نے ایس پی جی سربراہ درگا پرساد کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کی ان اطلاعات کا حوالہ دیا جن میں ان کے شوہر کا نام ایئر پورٹ پر سیکوریٹی جانچ پڑتال سے مستثنیٰ افراد کی فہرست سے خارج کئے جانے کی بات کہی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد ایسا کیا جائے تو انہیں مسرت ہوگی ۔ پرینکا نے کہا کہ سابق ایس پی جی سربراہوں اور دہلی پولیس کی ایماء پر رابرٹ وڈرا کا نام اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا ۔ اس سلسلہ میں ہم دونوں میں سے کسی نے درخواست نہیں کی تھی۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حالیہ انتخابی مہم کے دوران رابرٹ وڈرا کونریندر مودی اور دیگر بی جے پی قائدین مسلسل نشانہ بنا تے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ وہ پرینکا، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی پر بھی تنقیدیں کرتے رہے ہیں ۔ پرینکا نے کہا کہ حکومت ان (وڈرا) کا نام اس فہرست سے خارج کرنے پر غور کررہی ہے لہذا میں آپ کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ میرے اور میرے بچوں کے لئے استثنیٰ کی سہولت حاصل کرنا مناسب نہیں ہوگا جب میں اور میرا خاندان ساتھ سفر کررہے ہیں تو ایر پورٹ پر داخلے اور نکاسی کے موقع پر ہمارا اس سہولت سے استفادہ کرنا مناسب نہیں ہوگا ۔ہمارے لئے یہی مناسب رہے گا کہ ہم ایر پورفس پر نارمل چینل سے داخل ہوں اور ہماری معمول کے طریقہ کار کے مطابق تلاشی لی جائے ۔ امید ہے کہ آپ اس بات کو سمجھیں گے کہ ایک ساتھ سفر کرنے والے خاندان کو استثنیٰ کے مختلف زمروں میں رکھنا بے معنی ہوگا۔

Security Doesn't Depend on 'Whims and Fancies': Government on Priyanka Gandhi's Request

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں