یعقوب میمن کی سزائے موت پر سپریم کورٹ کا حکم التوا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-03

یعقوب میمن کی سزائے موت پر سپریم کورٹ کا حکم التوا

سپریم کورٹ نے1993ء کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کی کیس میں داؤد ابراہیم کے ساتھ اہم سازشی قرار دئیے گئے یعقوب عبدالرزاق میمن کی سزائے موت پر آج حکم التواجاری کردیا ہے۔ جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس سی ناگپن پر مشتمل بنچ نے سزائے موت کا سامنا کرنے والے یعقوب میمن کی اپیل پر جو گزشتہ20سال سے جیل میں قید ہیں حکومت مہاراشٹراور سی بی آئی کو نوٹسیں جاری کیں۔6دسمبر1992ء کو بابری مسجد کی شہادت کے بعد1993ء میں ممبئی سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں200سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے ۔ ٹاڈا کی ایک عدالت نے بم دھماکوں کی سازش اور اسے عملی جامہ پہنانے میں ملوث ہونے کا قصور وار قرار دیتے ہوئے یعقوب میمن کو سزائے موت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی اپیل پر آج میمن کو پھانسی کی سزا پر تا حکم ثانی التواء کے احکام جاری کردئیے ۔ عدالت نے میمن کی درخواست کو ایک دستوری بنچ سے رجوع کیا جو سزائے موت کے مقدمات میں درخواستوں کا جائزہ لے گی ۔ ان درخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ کی جانب سے بند کمروں میں نہیں کی جائے گی اور کھلی عدالت میں اس کا فیصلہ ہوگا ۔ میمن کی پیروی کرتے ہوئے سینئر وکیل اپمانیہ ہزاریکا نے عدالت سے کہا کہ2000ء میں لال قلعہ حملہ کیس کے سزائے موت کے مجرم محمد عارف کی اسی طرح کی ایک درخواست کو دستوری بنچ سے رجوع کردیا گیا ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اس درخواست کو بھی اسی سے منسلک کیاجاتا ہے اور اس کی سماعت بھی لال قلعہ حملہ کیس کے مجرم کے ساتھ کی جائے ۔ جسٹص پی ساتا سیوم اور جسٹس بی ایس چوہان پر مشتمل بنچ نے21مارچ2013ء کومیمن کی سزائے موت کو برقراررکھا تھا ۔ بنچ نے ممبئی میں مختلف مقامات پر آرڈی ایکس دھماکو مادہ سے لدی گاڑیاں رکھنے کے الزام میں خصوصی ٹاڈا عدالت کی جانب سے سزائے موت کا مستحق قرار دئیے گئے 10ملزمین کی سزائے موت کو کم کرتے ہوئے عمر قیدمیں تبدیل کردیا تھا ۔ عدالت نے ان کے رول کو میمن سے علیحدہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا تھا ۔ میمن کے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ وہ ممبئی میں12پرہجوم علاقوں میں طاقتور بم دھماکوں کی سازش کا سرغنہ اور اصل محرک ہے ۔ یعقوب میمن جو پیشہ کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں، مفرور مجرم ٹائیگر میمن کا بھائی ہے ۔

SC suspends Yakub Memon's execution, issues notice

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں