راہول گاندھی کا بدایوں دورہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-01

راہول گاندھی کا بدایوں دورہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات

کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بدایوں میں دو بہنوں کی عصمت دری کے بعد قتل معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے آج یہاں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے کہا کہ لڑکی کے والد نے مجھ سے کہا کہ معاوضہ سے ہماری بچیوں کی عزت واپس نہیں آئے گی۔ ہم انصاف چاہتے ہیں ۔ راہول گاندھی سے قبل اس وحشیانہ معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ بی ایس پی کی صدر مایاوتی اور مرکزی وزیر برائے خواتین اور بہبودی اطفال مینکا گاندھی نے بھی کیا ہے ۔ بی جے پی کے خواتین یونٹ نے کل اسی معاملہ پر چیف منسٹر کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا تھا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ لڑکی کے والد نے مجھ سے کہا کہ یو پی پولیس انصاف نہیں دلا سکتی ، مقامی لوگ اس معاملہ میں ملوث ہیں ۔ غلط کام کرنے والوں کو سزا دینے کے لئے سی بی آئی سے تحقیقات کرائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی چاہتا ہوں کہ اس معاملہ کی تحقیق سی بی آئی سے کرائی جائے تاکہ قصور واروں کو جلد از جلد سزا دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ غلط کام کرنے والوں کو پتہ لگنا چاہئے کہ ایسا برا کام کرنے پر سزا ملتی ہے ۔ ہندوستان میں خواتین کو عزت دی جاتی ہے ان کے ساتھ ایسی وحشیانہ حرکت نہیں کی جاتی ۔ راہول گاندھی متاثرہ خاندان کے پاس تقریباً 40منٹ تک رکے ۔ ان سے بات چیت کرنے کے بعد وہ اس جگہ بھی گئے جہاں دونوں بہنوں کو مار کر درخت سے لٹکا دیا گیا تھا ۔ راہول گاندھی کے ساتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری مدھو سدن مستری ، ریاستی صدر نرمل کھتری، کانگریس خواتین شاخ کی صدر شوبھا اوجھا اور رکن اسمبلی اکھلیش پرتاپ سنگھ بھی تھے ۔ اس دوران ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے صدر نشین جسٹس(ریٹائرڈ) ترون چٹرجی نے حکومت سے پورے معاملہ کی تفصیل طلب کی ہے ۔ تفصیلات ملنے کے بعد کمیشن آگے کی کارروائی کرے گا۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں شکست کے بعد راہول گاندھی کا یہ پہلا دورہ ہے۔

Rahul Gandhi visits Badaun, meets family of gangrape victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں